رمیز راجہ

آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان میں بھارت سے مختلف کنڈیشنز ملیں گی،رمیز راجہ

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں آسٹریلوی ٹیم کو بھارت سے مختلف کنڈیشنز ملیں گی.

گیند ٹرن ہونے کے ساتھ ریورس سوئنگ بھی ہوگی،جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں اس کا عملی مظاہرہ بھی دیکھنے میں آیا لیکن اگر آسٹریلوی پیسرز اپنے ملک جیسا باونس چاہتے ہیں تو وہ نہیں ہوگا۔آسٹریلوی میڈیا کو دئےے گئے انٹرویو میںرمیز راجہ نے کہاکہ پاکستان ٹیم دنیائے کرکٹ میں ایک بڑی طاقت ہے،خوش آئند بات ہے کہ آسٹریلیا نے بھی مضبوط ٹیم بھجوانے کا فیصلہ کیا،

شائقین کو بھرپور مقابلوں میں دونوں ٹیموں میں موجود سپر اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔چیئرمین بورڈ نے کہا کہ یہ دورہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کے مفاد میں بھی ہے،آگے چل کر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے ٹورز بھی ہوں گے تو کھیل کو فروغ دینے میں مزید مدد ملے گی، ملک میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھی دنیا کو مثبت پیغام جائے گا۔انھوں نے کہا کہ صورتحال بہتر بنانے کیلئے اداروں نے بہت محنت کی،آسٹریلوی وفد نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا جس کے بعد کینگروز کو دورے پر آمادہ کرنا آسان ہوگیا،

دیگر مسائل پیچھے رہ گئے اب صرف کرکٹ پر توجہ ہوگی۔رمیز راجہ نے کہا کہ آسٹریلوی جارحانہ کرکٹ کھیلتے اور پاکستانی ان کے اس انداز کو پسند کرتے ہیں،کینگروز کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنا شائقین کیلئے بھی ایک بہت بڑا موقع ہوگا۔انھوں نے کہا کہ 4ملکی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے حوالے سے بھارت کی جانب سے سرد مہری کا مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے۔