اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی: بی اے، بی ایڈ اور ماسٹرزپروگرامز کے داخلے یکم مارچ سے شروع

اسلام آباد(لاہورنامہ)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار2022ء کے دوسرے مرحلے کے داخلے ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ساتھ یکم مارچ سے شروع ہونگے۔

اس مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں بی اے(ایسوسی ایٹ ڈگری)بی کام، بی ایس(اوڈی ایل)، بی ایڈ اور ماسٹرز پروگرامز شامل ہونگے۔ دنیا بھر کے کسی بھی ملک میں مقیم پاکستانی و بین الاقوامی طلبہ بھی اِن پروگرامز میں داخلہ لے سکیں گے۔

بیرون ملک مقیم طلبہ کے لئے داخلوں سے لیکر امتحانات تک تمام سرگرمیاں آن لائن ہونگی۔اِن پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پریکم مارچ سے آن لائن دستیاب ہونگے۔
پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں میٹرک، ایف اے اور آئی کام کے داخلے 22۔فروری تک جاری رہیں گے جبکہ بی ایس(فیس ٹو فیس)ا یم ایس سی(آنرز)، ایم ایس/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں کے داخلے گذشتہ روز بند ہوگئے ہیں۔