شاہ محمود

بلاول بیٹا تیاری کرلو ، میں لاڑکانہ آرہا ہوں،شاہ محمود کا چیلنج

ملتان (لاہورنامہ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بیٹا تیاری کر لو میں لاڑکانہ آ رہا ہوں، تمھارے سوالوں کا جواب دوں گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے تاہم ہم بھی اپوزیشن کا بھرپور سیاسی مقابلہ کریں گے، پیپلز پارٹی انتخاب نہیں عدم اعتماد چاہتی ہے جبکہ ن لیگ نے اپنے منشور ‘ووٹ کو عزت دو’ کی نفی کر دی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چوہدری برادران نے اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کا ووٹ دینے کا وعدہ نہیں کیا بلکہ انکار کر دیا ہے، جن کا پیٹ کاٹنا تھا ان کے دروازے پر کیوں جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن تقسیم ہے ن لیگ میں بھی دو دھڑے ہیں، پی پی پی ابھی انتخابات نہیں چاہتی عدم اعتماد چاہتی ہے، جب کہ ن لیگ انتخابات کا تقاضہ کررہی ہے، اور ان اشخاص کے پاس چل کر جاتی ہے جن کو کہتے تھے یہ جعلی لوگ ہیں، تحریک انصاف کے حلیفوں سے ان کا رابطہ کرنا ان کے دعوؤں کے برعکس ہے،ن لیگ کا بیانیہ دفن ہو گیا جب وہ چوہدری برادران کے در پر چل کر گئے۔

دورہ ملتان کے موقع پر بلاول بھٹو کی جانب سے کی جانے والی تنقید سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ میرا بیٹا بلاول ملتان آیا تھا، بلاول بیٹا تیاری کرلوں میں لاڑکانہ آرہا ہوں، تمہارے سوالوں کا جواب دوں گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سندھ کے حقوق کا تحفظ کرنے نکلے ہیں، 26 تاریخ کے لانگ مارچ کی میں خود قیادت کروں گا۔انہوں نے کہاکہ این اے 156 میں مختلف منصوبوں کا اغاز کررہا ہوں، اس حلقے میں تین پارکوں کا افتتاح کررہے ہیں، ہم وزیر اعظم کے مشن کو آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔