لاہور(لاہورنامہ) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے مدر چائلڈ اینڈ کئیر بلاک کی تعمیر اس حکومتی اقدام کا حصہ ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں نئے ہسپتال بن رہے ہیں.
یہ 10 منزلہ عمارت قلیل مدت میں کھڑی کی گئی ہے جو گائنی کے شعبے میں نئی سہولیات دے گی، یہاں 13 سٹیٹ آف دی آرٹ آپریشن تھیٹربنائے جا رہے ہیں جبکہ ٹیسٹ ٹیوب بے بی کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی۔
گنگا رام ہسپتال میں زیر تعمیر مدر اینڈ چائلڈ کئیر بلاک کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حسان خاور نے کہاکہ گائنی کے اس شعبے کو جدید مشینری سے بھی آراستہ کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب میں بھر ایسے نئے ہسپتالوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ صوبے بھر میں 15ہسپتال بن رہے ہیں جن میں سے 9 ہسپتال مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنگا رام مدر اینڈ چائلڈ کئیر ہسپتال 17 ارب روپے کی لاگت سے بن رہا ہے۔
یہ ہسپتال 2022 میں ہی مکمل ہو جائے گا جبکہ 188 ہسپتالوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں اس قدر کام ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔ صحت کارڈ نے اس شعبے اور سہولت میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ حسان خاور نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے غریب، امیر کا فرق مٹا دیا ہے۔ اب ہر شخص نجی ہسپتال سے اپنا علاج کروا سکے گا۔ جو سہولیات نجی سیکٹر کو میسر تھیں، پبلک ہسپتالوں کو بھی دی جانے لگی ہیں۔
یہی وہ تبدیلی ہے جس کا عمران خان نے وعدہ کیا تھا۔ حسان خاور نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ساڑھے تین سالوں میں ترقی کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ جب 2023 میں پیچھے مڑ کر دیکھا جائے گا تو حالیہ 5 سال ملکی تاریخ کا سنہرا باب دکھائی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ شخص ہے جس کی وجہ سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی اکٹھے ہوئے ہیں۔ ان کی تاریخ ایک دوسرے کی الزام تراشی پر مشتمل ہے۔ ان دونوں کا ڈی این اے ایک ہی ہے۔ وہ ڈی این اے خاندانی سیاست اور کرپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ڈی این اے والے بغض عمران میں اکٹھے ہورہے ہیں۔ عمران خان کے خلاف یہ ادھر ادھر جا رہے ہیں تاکہ کہیں سے ان کی شنوائی ہو جائے، لیکن وہ نہیں ہوگی۔ حسان خاور نے کہا کہ ہماری تمام تر توجہ عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی پر ہے۔ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ اسے اندر یا باہر سے کوئی خطرہ نہیں۔