سردار عثمان بزدار

تحریک انصاف کی حکومت نے اٹک کے عوام کو ان کا حق واپس کیا ہے، سردار عثمان بزدار

لاہور (لاہورنامہ) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے دور میں اٹک کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے رکن قومی اسمبلی میجر(ر)طاہر صادق کی ملاقات ہوئی ہے۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ اٹک کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے، اٹک کو ماضی کی حکومت نے جان بوجھ کر نظر انداز کیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کے دور میں اٹک کو ترقی کے سفر میں پیچھے رکھا گیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے اٹک کے عوام کو ان کا حق واپس کیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ اٹک تحریک انصاف کا قلعہ ہے اور قلعہ رہے گا، جتنے ترقیاتی کام موجودہ دور میں اٹک میں ہوئے ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اٹک میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کیلئے ریکارڈ فنڈز مختص کئے گئے ہیں، اٹک میں 200بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اس ہسپتال پر 5ارب32 کروڑروپے لاگت آئے گی، اٹک میں صحت کی سہولتوں کی اپ گریڈیشن سے نہ صرف اٹک بلکہ خیبر پختونخوا کے 3ملحقہ اضلاع صوابی، نوشہرہ اور ہری پور کے عوام بھی مستفید ہو سکیں گے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجاب کے تمام پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔