اسلام آباد(لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو عمران خان پہلے سے زیادہ خطرناک ہوں گے.
حزب اختلاف کا مسئلہ صرف مقصود چپڑاسی کا ہے،حزب اختلاف کی جماعتیں صرف کرپشن چھپانے کے لیے اکھٹی ہوئی ہیں، عدم اعتماد کی تحریک میں دیر نہ کریں آج ہی لے کر آئیں اور جس مطلوبہ نمبر کی حزب اختلاف کو تلاش ہے عین وقت پر وہی نمبر غائب ہو گا۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو جو مطلوبہ نمبر درکار ہے وہ عارضی طور پر بند ہے، حزب اختلاف عمران خان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی مہم چلا رہی ہے لیکن عمران خان نے ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا اور نہ ہی کرپشن کی۔
عمران خان کے پاس گھر کے کرائے کی ادائیگی کے لیے بھی رقم نہیں ہوا کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے بعض اراکین کے تو اکانٹس ہی تصدیق شدہ نہیں جبکہ حزب اختلاف کے استعفے لطیفے بن گئے ہیں۔ جہانگیر ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ حکومت کے ساتھ ہے اور انہوں نے مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا۔
فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان صرف 30 دن کے لیے پانی کا ذخیرہ رکھتا ہے اور ڈیمز پاکستان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ 10 سال 10 ڈیمز عمران خان کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم بہت ضروری ہے جس کے لیے سندھ حکومت اور لوگوں کو قائل کرنا ہو گا۔ 2025 کے بعد پانی کی قلت زیادہ ہو جائے گی۔