اسلام آباد: قومی اسمبلی نے خصوصی کشمیر کمیٹی کے قیام کے لئے تحریک کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی۔ تحریک میں کہا گیا کہ یہ ایوان سپیکر قومی اسمبلی کو اختیار دیتا ہے کہ وہ 24 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے، انہیں ضرورت کے مطابق ارکان کے ناموں میں ردو بدل کا اختیار بھی ہو گا۔ کمیٹی مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی مسلح افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ضروری فورمز پر اٹھائے گی، اس کے علاوہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے جدوجہد کو بھی اجاگر کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔
کشمیر کمیٹی حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے حوالے سے بھی اپنا بھرپور کردار اد اکرے گی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کام کرنے والی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی رہنمائی کا فریضہ بھی انجام دے گی۔