ڈاکٹر عارف علوی

خواتین کے ملکیتی قانون پر عملدرآمد کی سخت ضرورت ہے، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خواتین کے ملکیتی قانون پر موثر اور سخت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خواتین کو بااختیار اور معاشی طور پر مضبوط بنانے میں مدد ملے گی،

اسلام اور پاکستان کے آئین نے خواتین کو ان کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دی ہے، علماء کرام اور ذرائع ابلاغ خواتین کو ان کے حقوق دلانے کی خاطر معاشرتی اقدار کو تبدیل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، سیالکوٹ اور خانیوال کے حالیہ واقعات کو انتہائی تکلیف دہ ہیں، علماء کرام مذہبی رواداری قائم رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں پاکستان میں خواتین کی جائیداد کے حقوق کی قانون سازی کے نفاذ سے متعلق آگاہی مہم کے آغاز کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام وفاقی وزارت قانون و انصاف نے کیا تھا۔ تقریب میں وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر فروغ نسیم، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ بخاری اور سیکرٹری قانون و انصاف کے علاوہ وفاقی اور صوبائی خواتین محتصبین، سفارتکاروں، علماء کرام اور خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے 1400 سال پہلے خواتین کو ان کے حقوق دیئے اور ان کے جائز مقام کا تعین کردیا، پاکستان میں اس حوالہ سے قانون سازی خواتین کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ صدر نے کہا کہ خواتین کو وراثتی حقوق کے متعلق قانون پر عملدرآمد کیلئے معاشرتی اقدار کو بدلنا ہوگا اور اس حوالہ سے علماء کرام اور ذرائع ابلاغ اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں معاشی طور پر مستحکم کیا جاسکے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عملدرآمد کے بغیر کسی قانون کوئی اہمیت نہیں ہے، خواتین کو وراثت میں اپنا حق ملنا چاہئے، اس کے لئے قانون کا نفاذ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو ان کے حقوق دینے کیلئے خواتین کے کالجز اور یونیورسٹیوں میں خصوصی آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے، خواتین کو یہ یقین دہانی کرائی جائے کہ ریاست آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ صدر مملکت نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے کھڑی ہو جائیں اور کسی کے جھانسے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے وراثتی قانون پر عملدرآمد اور آگاہی مہم میں میڈیا بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سیالکوٹ اور خانیوال کے حالیہ واقعات کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیا۔انہوں نے خواتین کے وراثتی حقوق کے بارے میں قانون سازی پر وزارت قانون و انصاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالہ سے خواتین میں آگاہی مہم کو جاری رکھا جائے۔