فرخ حبیب

منڈی بہائوالدین میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہوگا، فرخ حبیب

منڈی بہائوالدین(لاہورنامہ)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ جمعہ کو منڈی بہاولدین میں پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہوگا.

منڈی بہائوالدین کے عوام وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کریں گے ، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر بتا دے گا کہ وزیراعظم عمران خان کی مقبولیت کا گراف پہلے سے بھی کئی گنا بڑھ چکا ہے ،منڈی بہاوالدین کیلئے 30 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے، اپوزیشن بلیک میلر ٹولہ ہے، سازشیں کرتے رہتے ہیں، آر یا پار والے جگہ جگہ خوار ہو رہے ہیں، شہباز شریف پر بھی فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے.

اب بتانا پڑے گا کہ مقصود چپڑاسی اور مسرور انور کے ساتھ شہباز شریف کا کیا تعلق ہے اور اربوں روپے کس کھاتے میں بھجوائے گئے۔ وہ جمعرات کو منڈی بہائوالدین میں جلسہ گاہ میں تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان عوام کے لیڈر ہیں، وہ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے انتھک کوششیں کررہے ہیں ،اسی ضمن میں ضلع منڈی بہائوالدین کے لیے مزید میگا پراجیکٹس کا اعلان کیا جائے گا جس سے ضلع کی تقدیر بدل جائے گی، پاکستان کی عوام اب با شعور ہوچکے ہیں اور وہ جعلی اخباری اور تشہیری منصوبون کی بجائے عملی ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم کا مقابلہ ایک بلیک میلر ٹولے سے ہے ،زداری کو گھسیٹنے اور پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت نکالنے کا دعوی کرنے والے شہباز شریف نے اسی آصف زرداری کے پائوں پکڑلئے ہیں، یہ اپنی چوری بچانے کے لئے اکٹھے ہورہے ہیں لیکن اب شہباز شریف پر بھی فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے،مقصود چپڑاسی کے اکائونٹ میں 4ارب روپے منتقل ہوتے ہیں،انتقال کر جانے والے ملازم کے اکائونٹ میں بھی رقم منتقل ہوتی رہی۔

فرخ حبیب نے کہاکہ ن لیگ جعلسازی میں نمبر ون رہی،یہ آڈیو اور بریف کیسز کا سہارا لے رہے ہیں، یہ سب فراڈیئے ہیں، ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا چاہئے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاکہ اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے،اپوزیشن سیاست کا مقابلہ سیاسی انداز میں کرے، اخلاقیات سے گری حرکتیں نہ کرے، ان سب چوروں کی آخری آرام گاہ اڈیالہ جیل ہے، وزیراعظم عمران خان یہ مدت بھی پوری کریں گے اور آئندہ 5 سال بھی دوبارہ حکومت کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ مریم صفدر بھی کہتی رہیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی ان کی کوئی جائیداد نہیں،مریم صفدر کے بھائی نے اقرار کیا کہ لندن میں فلیٹس ان کے ہیں، مریم صفدر نے 17بار اپنے کیس میں التوا لی،جب انہوں نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنائی تب تو کیلبری فونٹ آیا ہی نہیں تھا،لندن مفرور ہونے والوں کو بھی ملک واپس لایا جائے گا، ن لیگ نے ماضی میں بے نظیر اور نصرت بھٹو کی کردار کشی کی۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان سے ان کی ملاقات ہوئی ہے ،بل گیٹس بھی وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،عوام کو درپیش چیلنجز سے بھی کامیابی سے نمٹیں گے،دنیا میں مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں مہنگائی کا سامنا ہے جسے کم کرنے کے لئے وزیراعظم عمران خان اور انکی معاشی ٹیم دن رات کوشاں ہے، آج تک وزیراعظم عمران خان نے جو بھی اقدامات کیے وہ عوام کیلئے کیے ہیں اور آئندہ بھی عوام کی بہبود اور ملکی ترقی کے لئے اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔