بجلی کی قیمت

نیپرا نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست دائر کردی

اسلام آباد(لاہورنامہ)سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا کو بھیج دی ہے۔

بجلی کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے اضافے کا امکان ہے، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کردی ہے، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر28 فروری کو سماعت کرے گا۔

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ جنوری میں ہائیڈل سے 5.83 فیصد کوئلے سے 33.15 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ڈیزل سے 6.73 فیصد، فرنس آئل سے 14.07 فیصد، مقامی گیس سے 14.37 فیصد اور ایل این جی سے 7.12 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جوہری ایندھن سے 14.37 فیصد، ہوا سے 2.22 فیصد اور بگاس سے 1.22 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔