ملتان (لاہورنامہ)وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کا اعلان ایک نئی ڈیل کے لیے سودے بازی کی ایک اور کوشش ہے،جس میں اپوزیشن کو ناکامی ہوگی ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی اور پارلیمنٹ میں ان کے اتحادی مل کر اپوزیشن رہنماؤں کی احتساب سے بچنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جیسا جیسا کہ وزیراعظم عمران خان مسلسل کہہ رہے ہیں کہ این آر او کا امکان صفر ہے،اپوزیشن جو مرضی کرلے این آر او نہیں ملے گا۔
قبل ازیں ملتان میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں مختلف استقبالیہ تقریبات’ وفود سے ملاقات کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں احتساب سے بچنے کیلئے اکٹھی ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتیں جتنا مرضی اکٹھی ہو جائے اپوزیشن کو اپنے ایجنڈے میں ناکامی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ اقتدار سے باہر بیٹھی ہوئی جماعتوں کو انتظار کرنا ہوگا،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی۔انہوں نے کہا پی پی ن لیگ دونوں نے عوام کو مایوس کیا، دونوں جماعتیں چاہتی تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی تھیں، دونو ں جماعتوں کی قیادت نے عوام کو سنہری خواب دکھائے،خالی او رجھوٹے نعرے لگائے۔ عوام کا جھوٹے نعروں سے پیٹ نہیں بھرسکتا۔