لاہور(لاہورنامہ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اسلام روڑ پکھی ٹھٹی کا دورہ کیا اور واسا اور محکمہ تعمیرات و مواصلات کے زیر اہتمام جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر اہل علاقہ سے بھی ملے اور ان کے مسائل حل کئے-
صوبائی وزیر نے ڈائریکٹر واسا کو سیورج کی پائپ لائن کی تبدیلی کا کام 10روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی جبکہ محکمہ تعمیرات و مواصلات کو سڑک کی تعمیرومرمت کا کام تیز کرنے کی ہدایت کی، صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اس لئے متعلقہ محکمے ترقیاتی کاموں کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائیں.
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے بدل دیا ہے، صوبے کے ہر علاقے میں ترقیاتی سکیمیں اور فلاحی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں صوبائی حلقہ 151میں گزشتہ پونے چار سالوں میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے جبکہ اربوں روپے کے نئے منصوبوں پر کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ حلقے میں جدید سہولتوں سے آراستہ تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے ادارے بنائے ہیں، تمام پارکوں کو بھی آپ گریڈ کیا جارہا ہے، میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وسائل پر عوام کا حق ہے اور وسائل انہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر ہی خرچ کئے جارہے ہیں، لوگوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔