پشاورزلمی

پشاورزلمی نے سنسنی خیزمقابلے کے بعدسپراوورمیں لاہورقلندرز کو شکست دیدی

لاہور( لاہورنامہ)پشاورزلمی نے سنسنی خیزمقابلے کے بعدسپراوورمیں لاہورقلندرزکو شکست دیدی، پشاورزلمی نے ایونٹ میں چھٹی کامیابی سمیٹی جبکہ لاہورقلندرزنے بھی ایونٹ میں 6میچ جیتے ہیں.

میچ کافیصلہ سپر اوور میں ہوا،شاہین شاہ آفریدی نے جارحانہ بیٹنگ کی اورآخری اوورمیں23رنزبناکرمیچ برابر کردیا۔پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے جبکہ جواب میں لاہور قلندرز نے بھی8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔

سپراوور میں لاہورقلندرزکی جانب سے فخرزمان اورہیری بروک بیٹنگ کے لئے آئے جبکہ پشاورکی جانب سے اووروہاب ریاض نے کروایالیکن دونوں کھلاڑی صرف5رنزبنانے میں کامیاب ہوئے۔ پشاورزلمی کی جانب سے شعیب ملک اورمحمدحارث بیٹنگ کے لئے آئے جبکہ لاہورکی جانب سے اوورشاہین شاہ آفریدی نے کروایا شعیب ملک نے دوگیندوں پردوچوکے مارکرپشاورکوفتح دلائی،اس میچ شکست کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم پی ایس ایل 7 کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز کے مدمقابل آئے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین مقابلہ 23 فروری بروز بدھ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔پشاور زلمی کی ٹیم ایونٹ کے پہلے ایلیمنٹر میں 24 فروری بروز جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل آئے گی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے ان فارم بیٹر اور ٹورنامنٹ میں چھ نصف سنچریاں سکور کرنے والے اوپنر فخر زمان اننگز کی پہلی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے تو ان کی ٹیم دبائوکا شکار ہوگئی اورمحمد حفیظ کے علاوہ ان کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکا،تجربہ کار بیٹر بھی 44گیندوں پر 49 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 30 رنز درکار تھے تاہم وہاب ریاض نے اننگز کے انیسویں اوور کی پہلی گیند پر سیٹ بیٹر محمد حفیظ اور نئے آنے والے بیٹر حارث رف کی وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ صرف 6 رنزدے کر میچ میں پشاور زلمی کی گرفت مزید مضبوط کردی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے آخری اوور میں محمد عمر کو ایک چوکا اور تین چھکے لگا کر اسکور برابر کردیا۔

فاسٹ بائولرز وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک، عماد بٹ، محمد عمر اور خالد عثمان نے ایک ،ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔پشاور زلمی کے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے ۔ ان فارم اوپنر محمد حارث کے 6 کے انفرادی سکور پر آئوٹ ہونے کے بعد حضرت اللہ ززائی نے کامران اکمل کے ہمراہ 36 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 20 سکور بناکر آئوٹ ہوگئے۔ کامران اکمل نے 18 رنز اسکور کیے۔

اس کے بعد تجربہ کار بیٹر شعیب ملک نے نوجوان کرکٹر حیدر علی کے ہمراہ 60 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ یہ پشاور زلمی کی اننگز کی سب سے لمبی پارٹنرشپ تھی۔ شعیب ملک 32 رنز بناکر پشاور زلمی کے سب سے نمایاں بیٹر رہے۔ حیدر علی نے 25 رنز سکور کیے۔اختتامی اوورز میں خالد عثمان 19 اور حسین طلعت 17 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔فواد احمد نے 26 رنز کے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے، حارث رف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔وہاب ریاض کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔