اسلام آ باد (لاہورنامہ) وزیراعظم عمران خان نے اسکاوٹس کے عالمی دن پر شجرکاری مہم کا افتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ نوجوانوں نے درخت لگانے کی ذمہ داری لینی ہے.
ایک خاندان کو کم از کم 5درخت لگانا اور حفاظت کرنی ہے، اس موسم بہار میں 54کروڑ درخت لگانے کا ہدف ہے لیکن ہمارا بڑا ہدف 10ارب درخت اگانے کا، 10بلین ٹری پراجیکٹ کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد کے سکاوٹس کے عالمی دن کے موقع پر شجر کاری مہم 2022کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا .تقریب میں ملک بھر سے 7.5لاکھ سکاوٹس مہم میں شریک ہوئے .
افتتاحی تقریب سے خطاب وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے سکاوٹس کو عالمی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ہم نے یہ دن پاکستانی نوجوانوں کے مستقبل کو تحفظ دینے کیلئے چنا ہے میں اپنے نوجوانوں اور سکاوٹس کو بتانا چاہتا ہوں پاکستان ان دس ممالک میں سے ہیں جس سے موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ خطرہ ہے ،ہم اپنے مستقبل کو محفوظ کرنے کیلئے درخت لگارہے ہیں .
انہوں نے کہا کہ اپنے نوجوانوں سے کہتاہوں کہ سب نے درخت لگانے کی ذمہ داری لینی ہے جبکہ بچوں کے مستقبل کے لئے والدین سے بھی کہتا ہوں ہر خاندان پانچ درخت لگائے پاکستان اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہے اللہ نے پاکستان کو بے شمار نعمتیں اور بارہ موسم دیئے ہمیں اللہ تعالیٰ کی نعمتوںکی قدر کرنا چاہیئے اللہ نے جو ہمیں زمین دی ہے اس کو صحیح معنوں میں استعمال کرنا ہے ۔ اس حوالے سے ہم سب نے ملکر اپنی ذمہ داری اداکرنی ہے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سپرنگ فلانٹیشن کے تحت 54کروڑ پودے لگائے جائیں گے ہمارا اصل ہدف 10ارب درخت ہیں پاکستان میں ہر قسم کا درخت اگایا جاسکتا ہے ۔
بد قسمتی سے انگریز نے جو درخت لگائے تھے ہم نے اس کو بھی تباہ کردیئے ہیں پاکستان کی موسمیاتی آلودگی سے نمٹنے کی کوشش کو دنیا نے سراہا ہے ماحولیاتی تبدیلی کی سب سے بڑی وجہ نعمتوں کا غلط استعمال ہے شجر کاری دراصل آنے والی نسلوں کی حفاظت ہے امین اسلم کو کلین اینڈ گرین پاکستان کے لئے کاوشوں پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور اپنے تمام نوجوانوں سے گزارش کرتاہوںکہ شجر کاری مہم میں حصہ لیں اور اس کا آغاز کریں ۔