لاہور(لاہورنامہ) معاون خصوصی وزیراعلی و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ اگر ان کے نمبرز پورے تھے تو یہ اتنے دنوں سے در بدر کی ٹھوکریں کیوں کھا رہے ہیں، اپوزیشن کی سوچ بے ربط، مستقبل کا کوئی پلان نہیں۔
حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ کافی عرصہ سے اپوزیشن نمبرز پورے ہونے کے دعوے کر رہی تھی، اپوزیشن باتیں لاکھ کی کرنی خاک کی کی عملی تصویر بن چکی ہے، اپوزیشن کے پاس نمبرز پورے ہوتے تو یہ عدم اعتماد میں ایک سیکنڈ بھی نہ لگاتے، بلاول ن لیگ سے وزیراعظم چاہتے ہیں، ن لیگ نئے الیکشن میں جانا چاہتی ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ ایک اپوزیشن رہنما کہتے ہیں پنجاب میں عدم اعتماد کا کوئی امکان نہیں، اپوزیشن کے سر اور تال نہیں مل رہے، بڑی بڑی ڈینگوں اور بڑھکوں کے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے، اپوزیشن کو یہی کہوں گا جب دم خم نہیں تو لمبی لمبی کیوں چھوڑتے ہو، اپوزیشن کو اگلے الیکشن تک اسی تنخواہ میں گزارا کرنا پڑے گا۔