داخلوں کی تاریخ میں توسیع

اوپن یونیورسٹی کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع، طلبہ21مارچ تک اپلائی کرسکتے ہیں

اسلام آباد(لاہورنامہ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2022ء کے پہلے مرحلے میں پیش کئے گئے میٹرک، ایف اے اور آئی کام کے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔

ڈائریکٹر شعبہ داخلہ، سید ضیاء الحسنین نقوی کے مطابق نئے طلبہ 7مارچ جبکہ جاری طلبہ21مارچ تک لیٹ فیس چارجز کے ساتھ اپلائی کرسکتے ہیں۔ میٹرک کے لیٹ فیس چارجز 300روپے جبکہ، ایف اے اور آئی کام کے لیٹ فیس چارجز500روپے مقرر کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے طلبہ کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے داخلوں کی تاریخ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ بینکوں کو نئی تاریخ تک طلبہ سے فیس وصول کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں۔

اِن پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔امیدوار مجوزہ طریقہ کار کے مطابق داخلہ آن لائن جمع کرواسکتے ہیں، اس صورت میں داخلہ فارم پرنٹ کرکے یونیورسٹی کو بھجوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔میٹرک، ایف اے اور آئی کام پروگراموں میں داخلے کے خواہشمند افراد داخلہ فارم یونیورسٹی کے مین کیمپس یا ریجنل آفسز سے بھی حاصل کرسکتے ہیں اور مینول طریقے سے بھی جمع کرواسکتے ہیں۔