لاہور(لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا،جس میں سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ قرة العین،ڈی جی نرسنگ شہنازومتعلقہ افسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں فرائض سرانجام دینے والی نرسوں کی تربیت اورنرسنگ کالجزکی استعدادکاربڑھانے کے حوالہ سے اقدامات کاجائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ قرة العین نے اجلاس کے دوران وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکوبریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں کی نرسزکوجدیدطرزکے ریفریشرکورسزکروائے جائیں گے۔مریض سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹرزاور نرسزکی خوش اخلاقی سے اپنا آدھامرض بھول جاتاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ماضی کی کسی حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کی نرسزکی بہتری کا نہیں سوچا۔ہماری حکومت نے نرسوں کی نئی بھرتیوں کے ساتھ ساتھ سیٹیں بھی بڑھائیں۔زیرتعلیم نرسزکا سٹائپنڈبھی 21ہزارروپے سے بڑھاکر31ہزارروپے کردیاگیاہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ محکمہ صحت پنجاب کی تاریخ میں پہلی بارمیل نرسزکو بھرتی کیاگیاہے۔نرسنگ کالجزاور ہوسٹلزمیں نرسوں کیلئے بہترسہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔نرسوں کے ریفریشرکورسزکیلئے کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ایڈیشنل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو تمام نرسنگ کالجزکاخود دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ نرسنگ کالجزمیں نصاب کے معیار پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے۔آئندہ پندرہ روزمیں نرسنگ کالجزمیں ٹیچنگ سٹاف سمیت بجٹ کی مانگ بارے تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ سرکاری ہسپتالوں میں بہترین فرائض سرانجام دینے والی نرسوں کی خدمات کو سراہاجائے گا۔