فواد چوہدری

وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دنیا کی نظریں اس وقت ان پر ہیں، فواد چوہدری

اسلام آ باد (لاہورنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ہمارے 3 ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی .ہم تمام معاملات پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے.

عدم اعتماد کیلئے تین ایم این ایز کو پیسوں کی آفر شرمناک ہے،اپوزیشن کو چیلنج ہے عدم اعتماد لے کر آئیں لگ پتہ چل جائے گا، جس دن شہبازشریف کا کیس شروع ہوگا وہ جیل ہی جائیں گے،پیٹرول کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے، اور دنیا میں بحران بھی آسکتا ہے.

پاکستان کی جانب سے 23 سال بعد کسی وزیراعظم کا دورہ روس ہے،وزیراعظم کا دورہ روس انتہائی اہمیت کا حامل ہے، دنیا کی نظریں اس وقت صدر پیوٹن اور وزیراعظم پر ہوں گی، وزیراعظم نے اپنی خارجہ پالیسی واضح کردی ہے کہ ہم کسی گروپ کا حصہ نہیں بنیں گے، دنیا کی 40 فیصد سے زیادہ گندم روس اور یوکرین میں پیدا ہوتی ہے، افغانستان میں اس وقت غذائی اور معاشی بحران ہے، افغانستان کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے پوری دنیا معترف ہے، ہمارا مقصد ایک متوازن خارجہ پالیسی لے کر چلنا ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کااجلاس ہوا، اس اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے دورہ ماسکو میں پارٹی کو اعتماد میں لیا، کچھ دیر بعد وزیراعظم عمران خان ماسکو روانہ ہوں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کل کے انٹرویو میں واضح کیا کہ ہم کسی بھی گروپ کا حصہ نہیں بنیں گے اور ہم اپنی آزادانہ خارجہ پالیسی برقرار رکھیں گے، وزیراعظم عمران خان نے اپنی خارجہ پالیسی واضح کر دی ہے، افغانستان میں اس وقت غذائی اور معاشی بحران ہے،افغانستان پر پاکستان کے موقف کی دنیا معترف ہے، تیل کی قیمتیں 100ڈالر فی بیرل پر چلی گئی ہیں، روس اور یوکرائن تنازع بڑھا تو غذائی بحران کا خدشہ ہے.

اقلیتی ممبر اور ایک خاتون سمیت تین ایم این ایز نے رپورٹ کیا ہے،عدم اعتماد کےلئے ہمارے تین ایم این ایز کو پیسے کی فراہمی کی آفر کی گئی جو شرمناک ہے، اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر بات ہوئی ہے، رات کی ملاقات میں طے ہوا تھا کہ کون کتنے پیسے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کیس کی روزانہ سماعت کے مکانات پیدا ہورہے ہیں، کیس جس دن سے روزانہ چلے گا اس دن کے بعد شہباز شریف نے جیل جانا ہے.

رات پاکستان کے دو بڑے سوداگر اکٹھے ہوئے، دونوں نے عدالتوں میں سرٹیفکیٹ دیئے کہ ہم بیمار ہیں، دوسری جانب دونوں رات کو ملاقاتیں کررہے ہیں، دونوں جماعتیں پھر ہارس ٹریڈنگ روایت لانا چاہتی ہیں جو ہم نہیں ہونے دیں گے،اپوزیشن کی ابھی تک جرات نہیں کہ عدم اعتماد لا سکیں، میرا اپوزیشن کو چیلنج ہے کہ 24گھنٹے میں عدم اعتماد لے کر آئیں، اپوزیشن عدم اعتماد لاتی ہے تو انہیں لگ پتہ جائے گا کہ ان کے ساتھ ہوتاکیا ہے۔

اس حوالے سے وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمیشہ سے کمٹمنٹ رہی ہے کہ لوکل گورنمنٹ کا نظام قائم ہونا چاہیے، خیبرپختونخوا میں پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ اگلے مرحلے کی تیاریاں جاری ہیں، پارٹی میں تنظیم سازی کا عمل تیزی سے مکمل کررہے ہیں.