مریم اورنگزیب

نون لیگ کا پیکا آرڈیننس 2022 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد(لاہورنامہ) مسلم لیگ ن نے بھی پیکا آرڈیننس 2022 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے درخواست دائر کی،انہوں نے وکیل اعظم نذیر تارڑ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔ جس میں صدر کے سیکریٹری اور سیکریٹری وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیکا قانون میں آرڈیننس کے ذریعے تبدیلی آئین سے متصادم ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پیکا آرڈیننس پر عملدرآمد روکا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے کالے قانون کو چیلنج کردیا ہے۔ یہ میڈیا اور سوسائٹی کو اندھا گونگا اور بہرہ بنانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب کوئی کالا قانون لانا ہو تو رات کی تاریکی میں آرڈیننس جاری کر دیتے ہیں۔

یہ حکومت ہمیشہ واردات رات کے اندھیرے میں کرتی ہے۔اس کالے قانون کے تحت عمران خان اپنے سیاسی مخالفین کو ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے دھمکاتے ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ نے کہا کہ چیف جسٹس نے کل اس قانون سے متعلق اہم ریمارکس دیے ہیں، امید ہے(آج) جمعہ تک یہ درخواست سماعت کے لیے لگ جائے گی۔