عظمی بخاری

پنجاب کی بدقسمتی ہے کہ عثمان بزدار جیسا ریموٹ کنٹرول وزیراعلی ملا ہوا ہے، عظمی بخاری

لاہور(لاہورنامہ)مسلم لیگ(ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے کہاہے کہ لاہور سمیت آج پورا پنجاب کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے،پنجاب کی بدقسمتی ہے جس پر عثمان بزدار جیسا ریموٹ کنٹرول وزیراعلی مسلط ہوا،عثمان بزدار کی نااہلی کا سب سے زیادہ لاہور کے عوام بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ساڑے تین سال سے لاہور پر 31ارب لگانے کے نام پر جھوٹ بولا جا رہا ہے۔لاہور کچرا کنڈی اور کھٹارا بسوں کے تحفے عثمان بزدار کے کارنامے ہیں۔شہبازشریف نے حقیقی معنوں میں لاہور کو پیرس بنانے کے اقدامات کیے۔

شہبازشریف نے لاہور کو میٹرو بس،اورنج ٹرین،بہتر پبلک ٹرانسپورٹ ،پینے کا پانی فراہم کیا۔عثمان بزدار کے دور میں آج لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ جدید کی بجائے قدیم چل رہی ہے،عثمان بزدار شہبازشریف لگ سکتے ہیں لیکن بن نہیں سکتے،نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے ان میں نہ عقل ہے اور نہ نقل کرنی آتی ہے،عمران خان اور عثمان بزدار میں دونمبریاں کرنے کی ریس لگی ہے۔