سگیاں و شرق پور روڈ

سگیاں و شرق پور روڈ کی تعمیر ی منصوبے کا سنگ بنیاد، لاہور کامیگاپراجیکٹ ہے، عثمان بزدار

لاہور(لاہورنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سگیاں روڈو شرقپور روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیادرکھ دیا۔ اس منصوبے پر 4 ارب 32 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

عثمان بزدار
سگیاں و شرق پور روڈ کی تعمیر ی منصوبے کا سنگ بنیاد، لاہور کامیگاپراجیکٹ ہے، عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سگیاں روڈو شرقپور روڈ کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ ترقی کے سفر میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔مخالفین صرف تخریب کاری کی سیاست کر رہے ہیں۔ہمارے مخالفین کو صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی اچھی نہیں لگتی۔ ملک کی تاریخ کے سب سے بڑے ڈویلپمنٹ پروگرام کو روکنے کیلئے منفی سیاست کی جا رہی ہے۔

ہم منفی سیاست کرتے ہیں نہ یقین رکھتے ہیں۔ہم نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے اور عوام کی خدمت کرتے رہیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔عوام کی خدمت کی ذمہ داری ہر صورت نبھائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شاہدرہ میں فلائی اوور کی تعمیر کا اعلان کیا اور کہا کہ شاہدرہ فلائی اوور پراجیکٹ کو اسی برس شروع کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج شرق پور شریف کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کو اپ گریڈ کرکے پوسٹ گریجوایٹ کالج کا درجہ دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج بوائز شرق پور شریف کو میاں شیر ربانیؒ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ بھی شروع کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ 60 ارب روپے کی لاگت سے گلبرگ سے موٹر وے تک ایکسپریس وے بنے گی۔ایکسپریس وے بننے سے عوام کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت نے ورثے میں لاوارث منصوبے اور 56 ارب روپے کے ڈس آنر چیک چھوڑے۔سابق حکومت سے زیادہ ڈویلپمنٹ کام اب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ ہماری حکومت نے دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت 36 اضلاع میں اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے اور ترقیاتی منصوبے اس شہر کا حق ہے۔ ہماری حکومت نے لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے اربوں روپے کے منصوبے دیئے ہیں۔ سابق حکومت نے لاہور پر کم اور چندعلاقوں پر زیادہ خرچ کیا۔آج ہر شہر اور علاقے کے ساتھ انصاف کیا جا رہا ہے۔ہمارے دور میں کسی شہر یا علاقے سے ناانصافی نہ ہوئی ہے اور نہ ہوگی۔عوام کو اچھی طرز حکمرانی فراہم کرنا اور سہولتیں فراہم کرنا میرا مشن ہے۔