نیا پاکستان قومی صحت کارڈ

نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، عمران خان

لاہور (لاہورنامہ) وزیرِ اعظم عمران خان نے صحت کے شعبے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔

یونیورسل ہیلتھ کوریج کا نظام کئی ترقی یافتہ ممالک میں بھی موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا سب سے ذیادہ فائدہ غریب اور متوسط طبقے کو ہورہا ہے۔ اجلاس میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد اور تیمور سلیم جھگڑا نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی، صحت کارڈ اور جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ پروگرام کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عوام کی بڑی تعداد مفت صحت کی سہولیات سے مستفید ہو رہی ہے۔ حکومت ملک کے پسماندہ اضلاع میں بچوں میں سٹنٹڈ گروتھ کے تدارک کیلئے پروگرام کا اجراء کر رہی ہے۔

اسکے علاوہ ماں اور بچے کی صحت کی بہتری کیلئے پیدائش کے بعد سے ویکسینیشن کی تکمیل تک بچے کی صحت کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ ملک میں نرسنگ کے شعبے کی استعداد بڑھانے کیلئے حکومت بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیرِ اعظم کر مزید بتایا گیا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت ملک میں جنرل ویکسینیشن کی شرح 66 فیصد سے بڑھ کر 76فیصد ہو چکی ہے جبکہ پنجاب میں اس کی شرح بڑھ کر 91 فیصد ہو گئی ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر پزیرائی ہو رہی ہے.

اسکے علاوہ کرونا ویکسینیشن کی شرح کے حوالے سے بھی متعین شدہ اہداف حاصل کئے جارہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے بنیادی صحت کے حوالے سے جاری منصوبوں اور اقدامات پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔