کراچی (لاہورنامہ)ہانیہ عامر اور علی رحمن کی رومانٹک کامیڈی مصالحہ فلم ’پردے میں رہنے دو‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
’پردے میں رہنے دو‘ سے قبل بھی کم از کم 4 دیگر فلموں کو بھی عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔پاکستان میں مارچ 2020 میں کورونا کی وجہ سے سینمائیں بند کیے جانے کے بعد تاحال فلم ساز فلموں کو ریلیز کرنے سے کترا رہے ہیں اور نومبر 2021 سے اب تک محض 3 فلمیں ہی سینماﺅں میں پیش کی جا چکی ہیں۔ بعض فلموں کو آئندہ ماہ مارچ میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم زیادہ تر فلموں کو بیک وقت عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا جا چکا ہے اور مزید کچھ فلموں کو بھی عید پر ہی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
’پردے میں رہنے دو‘ کا ٹیزر نومبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ فلم کو سال نو کے موقع پر پیش کیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا اور اب اسے عید پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔فلم ساز وجاہت رﺅف کی ہدایت کاری میں بنائی گئی فلم کے ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس کی کہانی قدرے مختلف ہے۔جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی شادی شدہ جوڑے کے ہاں بچوں کی پیدائش نہ ہونے اور ان کے خاندان کی جانب سے بچوں کی پیدائش کی شدید خواہش کے گرد گھومتی ہے۔
اہم سماجی مسئلے پر بنائی گئی فلم میں علی رحمٰن اور ہانیہ عامر نے میاں اور بیوی
کا کردار ادا کیا ہے، جن کی شادی کو چند سال گزر جانے کے باوجود ان کے ہاں بچوں کی پیدائش نہیں ہوتی جس پر بیوی اپنے شوہر کو ٹیسٹ کرانے کا کہتی ہیں، جس پر وہ روایتی شوہروں کی طرح ناراض ہوجاتے ہیں۔ فلم میں جاوید شیخ، یاسر حسین، حسن رضا، منزہ عارف، سعدیہ فیصل، سیفی حسن اور نور الحسن سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔