اسلام آباد(لاہورنامہ)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پرچی چیئرمین ساڑھے 13 سال کی اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کرتے نظر آرہے ہیں، بلاول صاحب، سندھ کے عوام آپ اور آپ کی بے انتہا کرپشن سے عاجز آچکے ہیں،پیپلز پارٹی نے سندھ کے اداروں کا ستیاناس کردیا ہے۔
اتوار کوپیپلز پارٹی مارچ پراپنے ردعمل میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کراچی میں گرین لائن بس ہو یا پسماندہ علاقوں کی ترقی، پینے کے صاف پانی کا منصوبہ ہو یا نالوں کی صفائی ہر طرف وفاق ہی نظر آتا ہے۔بلاول اور اسکے بڑوں نے بھی دیکھ لیا کہ سندھ کے عوام "سندھ حقوق مارچ” کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی حکومت ،سندھ کے عوام کی حمایت اور تائید کے ساتھ چوروں اور کرپشن کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کراچی سمیت پورے سندھ میں گو سندھ حکومت گو کے نعرے گونج رہے ہیں، 2023 تک عمران خان حکومت ہے، ساڑھے 3 سال مسلسل ناکام اپوزیشن کومزید ڈیڑھ سال انتظار کرنا پڑے گا۔بلاول بتائیں کیوں کراچی کے عوام کو گرانفروشوں،بھتہ مافیا، گندم چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑا ہوا ہے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ پولیس سیاسی سرگرمیوں کا سامان لانے اور لیجانے میں مصروف ہے، پورے سندھ میں چوروں، ڈکیتوں، راہزنوں، اغوا کاروں کو کھلی چھٹی دی گئی یے۔