مریم اور نگزیب

عمران صاحب کےدوسروں پر لگائے الزام ، سب میں خود مجرم ثابت ہورہے ہیں ، مریم اور نگزیب

اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب نے دوسروں پرجو الزام لگائے، وہ ان سب میں خود مجرم ثابت ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب شہبازشریف سے اتنے خوفزدہ کیوں ہیں؟ شہبازشریف تو آپ کے ہر جھوٹے ، بے بنیاد الزام کا پاکستان ہی نہیں بیرون ملک عدالتوں میں بھی جواب دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ الحمداللہ پاکستان ہی نہیں ، برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور عدالت میں شہبازشریف سرخرو ہوئے ،عمران صاحب آپ اور آپ کے ٹائوٹ جو ثبوت کے صندوق لا رہے تھے، ان کاکیا ہوا؟ ٹرک کے ٹائر پنکچر ہوگئے کیا؟

انہوں نے کہا کہ عدالتوں کی کارروائی لائیو دکھانے کا مطالبہ سب سے پہلے مسلم لیگ (ن) نے کیا ، آج بھی یہ برقرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس اتنا کمزور ہے تو 6 سال ریکارڈ کیوں چھپایا؟ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس اتنا کمزور ہے تو چھ سال سے بھاگ کیوں رہے ہیں ؟ وکیل پر وکیل کیوں بدل رہے ہیں؟

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب 14ممالک سے آنے والی کالی دولت چپکے سے جیب میں ڈال لی اور قوم سے جھوٹ بولا کہ دولاکھ میں گزارا نہیں ہوتا؟۔ انہوںنے کہاکہ عمران صاحب نے 2008میں پانچ، 2009 میں 7 ، 2012ـ13 میں اپنے 14 اکاونٹس چھپائے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب بتائیں الیکشن کمین سے کیوں جھوٹ بولا، کیوں اکائونٹس چھپائے؟۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب خودمنی لانڈرر، غیرقانونی کالی دولت وصول کرنے والے ثابت ہوچکے ہیں ،عمران صاحب کریں الیکشن سے استدعا کہ روزانہ سماعت اور لائیو کوریج دکھائی جائے ؟

انہوں نے کہاکہ عمران صاحب اوپن سماعت کے اعلان کرکے پھر بھاگ کیوں گئے تھے ؟الیکشن کمشن میں مخالفت کیوں کی تھی ؟،عمران صاحب کرائے کے ترجمانوں کے جھوٹے ٹویٹس ، بیانات جاری کرنے سے اب آپ کی چوری چھپنے والی نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب میڈیا اور اداروںکے خلاف کالے قوا نین بنا کر اب سچ کو سامنے آنے سے روکا نہیں جاسکتا ۔

انہوں نے کہاکہ آئیں عمران صاحب اس کا آغاز الیکشن کمشن میں غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس کی لائیو کوریج اور روزانہ بنیاد پر سماعت سے کریں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب تسلی رکھیں، ابھی تو احتساب شروع ہوا ہے، ابھی تو بہت کچھ آنا باقی ہے، آپ تو ابھی سے گھبراگئے؟۔