لاہور(لاہورنامہ) پنجاب میں انسداد پولیو کی 5 روزہ قومی مہم کاآغازہوگیاہے اس ضمن میں وزیراعلی آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بچوں کوقطرے پلاکر انسداد پولیو کی قومی مہم کاباقاعدہ افتتاح کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر انور نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔
وزیراعلی عثمان بزدارنے اس موقع پر کہا کہ مہم کے دوران دو کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچوں کوانسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے اورپنجاب میں انسداد پولیو مہم 4مارچ تک جاری رہے گی،جس میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد پولیو ورکرز شریک ہوں گے۔مہم کے لئے تمام فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو کووِڈ 19 ایس او پیز، پروٹوکول اور حفاظتی اقدامات پر تربیت دی گئی ہے اور فرنٹ لائن پولیو ورکرز کو ذاتی تحفظ کے آلات (پی پی ایز) بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں اور پولیو ٹیموں کی محنت کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں اور گزشتہ 14 ماہ کے دوران پولیو کا ایک کیس بھی منظرِ عام پر نہیں آیاجبکہ گزشتہ 7ماہ سے پنجاب سے حاصل ہونیوالے تمام ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے پاک، یعنی منفی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے اور وائرس کی منتقلی کا عمل روکنے کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
پولیو کے خاتمے کے لئے گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلانے والے ورکرز قومی ہیرو ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع، تحصیل او رنچلی سطح پر پولیو ورکرز کے لئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین ضرور پلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ دو دن ویکسین سے محروم رہ جانے والے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے وقف ہوں گے۔