لندن (لاہورنامہ) بیجنگ سرمائی پیرا اولمپکس 2022کے لیے شعلہ روشن اور وصول کرنے کی تقریب برطانیہ کے اسٹوک مینڈیویل اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی ۔ تقریب میں بکنگھم شائر کے سرکاری حکام، برطانوی پیرا اولمپک کمیٹی کے نمائندوں، انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی کے چیئرمین، برطانیہ میں چین کے سفیر اور دیگر مہمانوں نےشرکت کی۔
برطانیہ میں چین کے سفیر جینگ زے گوانگ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیرا اولمپک کا شعلہ پیرا اولمپک جذبے کی عظیم علامت ہے۔ تین دن بعد پیرالمپکس کا یہ شعلہ چائنا نیشنل اسٹیڈیم کے مرکزی ٹارچ ٹاور کو روشن کر دے گا، جس سے بیجنگ 2022 سرمائی پیرالمپکس گیمز کا باضابطہ افتتاح ہو گا۔
چینی حکومت ہمیشہ شرکت کرنے والی تمام ٹیموں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دینے پر زور دیتی ہے اور پوری دنیا کے سرمائی پیرا اولمپک ایتھلیٹس کے لیے ایک سادہ، محفوظ اور شاندار پیرا اولمپک ایونٹ کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے پورے دل سے ایک سازگار ماحول پیدا کرے گی۔
اسٹوک مینڈیویل اسٹیڈیم برطانیہ کے بکنگھم شائر کی کاؤنٹی آئلسبری میں واقع ہے اور یہ پیرا اولمپک گیمز کی جائے پیدائش ہے۔ 2012 میں لندن پیرالمپکس گیمز کے بعد سے، مینڈیویل سے پیرا اولمپک آگ کو وصول کرنا اس کے بعد ہونے والے ہر پیرا اولمپک گیمز کا رواج بن گیا ہے۔