لاہور(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے مسلم لیگ ہاؤس میں سینٹر کامل علی آغا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا.
جس میں پیش کی گئی قرارددوں میں خواتین نے کہا کہ مسلم لیگ نے بلدیاتی الیکشن میں جو نشستیں خواتین کو دیں موجودہ اور گزشتہ حکومتوں نے انہیں چھین لیا ہے۔بلدیاتی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کے دور میں دی گئی خواتین کی نشستیں برقر ار رکھیں جائیں .
مہمانان خصوصی میاں منیر،میاں عمران مسعود، مرکزی صدر شعبہ خواتین فرخ خان مرکزی عہدیداران فوزیہ ناز،آمنہ خانم،بشری فردوس،کرن اعوان،خدیجہ فاروقی ایم پی اے صدر شعبہ خواتین پنجاب، ماجدہ زیدی جنرل سیکرٹری پنجاب،کنول نسیم،ڈاکٹر سامیہ امجد،آمنہ الفت،عزیزہ سعید، فرح دیبا،صفیہ اسحاق،رضیہ سلطانہ،شبنم چوہدری نزہت ہمدانی،اومنا تاج،ثمرین ایڈووکیٹ، سمیعہ طارق،ظل ہماء،نگہت رانا،سعیدہبٹ، عطیہ امجد، نسیم اختر،رخسانہ نور،آمنہ جبین، کلثوم،کوثر نے خطاب کیا .
جبکہ صوبہ بھر سے شعبہ خواتین کی عہدیداران خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری سینٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے خواتین کی فلاح و بہبود اور خواتین کو اسمبلیوں میں نمائندگی دلوانے کے حوالے سے جتنا مثالی کام کیا کسی اور جماعت نے نہیں کیا، پاکستان مسلم لیگ نے خواتین کو اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں میں 33 فیصد نمائندگی دلوائی۔
چوہدری پرویز الہٰی کے وزارت اعلیٰ کے دور میں 6 خواتین کو وزیر بنا کر نئی تاریخ رقم کی۔پاکستان مسلم لیگ وہ واحد جماعت ہے جو عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے ریسکییو1122منصوبہ، نیا وارڈن ٹریفک نظام، معذور بچوں کیلئے تحصیل سطح پر ادارے،چائلڈ پروٹیکشن بیورو،کارڈیالوجی ہسپتالز،غریب بچیوں کی تعلیم کیلئے ماہانہ وظیفہ،میٹرک تک مفت تعلیم و درسی کتب کی فراہمی ایسے اقدامات ہیں جن سے عوام آج بھی استفادہ حاصل کررہے ہیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں عمران مسعود سابق وزیر تعلیم و سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے 2002 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وومن امپاورمنٹ پر کام کیا،مفت تعلیم،کتابوں کے ساتھ ساؤتھ میں بچیوں کیلئے 200ماہانہ وظیفہ رکھا تاکہ تمام بچیاں تعلیم حاصل کرسکیں.
خواتین کو قومی،صوبائی اسمبلی اور بلدیاتی سطح پر نمائندگی دی خواتین کے تحفظ کیلئے ونی رسم کا خاتمہ،وومن پروٹیکشن بل کو سپورٹ کیا۔چوہدری پرویز الہٰی کی قیادت میں اب بھی پنجاب اسمبلی میں خواتین کیلئے قانون سازی کی جارہی ہے ملک کی 52فیصد آبادی خواتین کی ہے ہماری جماعت ان کے تحفظ کیلئے کام کررہی ہے۔مہمان خصوصی میاں منیر سابق ایم این اے سینئر نائب صدر مسلم لیگ پنجاب نے کہا کہ خواتین کے حقوق اللہ تبارک تعالیٰ نے سورۃنساء میں واضع طور پر بیان کردیئے ہیں،ماں بیوی،بہن،بہو بیٹی کو وراثت میں ان کا حصہ دیا جائے اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیئے ہیں وہ کسی اور مذہب میں نہیں دیئے گئے۔
بیگم فرخ خان مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین نے کہا کہ خواتین ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے محترمہ فاطمہ جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے قائدین کا ہراول دستہ بنیں۔اسلام نے ہر دن کو خواتین کا دن بنادیا ہے،ماؤں کو عزت دی اور ان کے پاؤں تلے جنت دی،بیٹی کو رحمت بنایا اور بیٹی کو عزت و احترام اور وراثت میں حصہ دیا اسلام نے عورتوں کو تمام حقوق 1400سال پہلے ہی دے دیئے ہیں۔
خدیجہ فاروقی ایم پی اے صدر مسلم لیگ شعبہ خواتین پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چودھری پرویز الٰہی نے 6 خواتین کو وزیر بنا کر نئی تاریخ رقم کی، پاکستان مسلم لیگ نے خواتین کو بلدیاتی اداروں میں 33 فیصد نمائندگی دلوائی، یورپ نے عورت کو آزادی اور مشرق نے عزت دی، پاکستان میں عورتوں کو سیاست میں عزت دینے والا سب سے بڑا خاندان چوہدری خاندان ہے، جس نے عورت کو بھی عزت دی.
سیدہ ماجدہ زیدی،کنول نسیم، آمنہ الفت و دیگر خواتین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری پرویزالہٰی نے بچیوں کو وظیفہ دینے کا فیصلہ کرکے پڑھی لکھی ماں کے عظیم مشن کی بنیاد رکھی، لڑکیوں میں علم حاصل کرنے اور آگے بڑھنے کا جنون لڑکوں کی نسبت زیادہ ہے، تحریک پاکستان میں خواتین نے بانی پاکستان کے شانہ بشانہ کردار ادا کر کے قابل فخر تاریخ رقم کی۔