گجرات (لاہورنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کو وارننگ دی ہے کہ آپ کے پاس 24گھنٹے ہیں، مستعفی ہو جاﺅ، اسمبلیاں توڑو اور ہمارا مقابلہ کرو.
آپ کو لگ پتہ جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ ہے، اس شخص نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اتنا کسی اور نے نہیں پہنچایا،بس بہت ہو چکا۔ کٹھ پتلی کو جانا ہوگا، سلیکٹڈ گھبرایا ہوا اور خوفزدہ ہے ،گالی دینے پر اتر آیا ہے، جتنی گالی دیگا گندی زبان بولے گا، جھوٹ بولے گا اقتدار چھوڑنا پڑے گا، کٹھ پتلی امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف پہنچاتا ہے۔
پیر کوگجرات میں بہت بڑے اور تاریخی استقبالی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عمران خان کسی اور وجہ سے اقتدار میں آئے ہیں، یہ شخص کسی عہدے کے لائق نہیں ہے، یہ جہاں بھی جاتے ہیں پاکستان کو نقصان پہنچاتے ہیں، وزیراعظم اب یورپ سے لڑائی کر رہاہے، یورپینز کے پیچھے پڑ گیا ہے جیسے کشمیر فتح کیا ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس شخص نے پاکستان کو جتنا نقصان پہنچایا ہے اتنا کسی اور نے نہیں پہنچایا۔ انہوں نے خواتین، کسانوں، مزدوروں کا معاشی قتل کیا ہے، ان کو جانا پڑے گا۔جب کوئی مسئلہ آتا ہے تو عمران خان کسی اور کی طرف دیکھتا ہے، بس بہت ہو چکا۔ کٹھ پتلی کو جانا ہوگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گجرات کے عوام نے بھی مطالبہ کر دیا ہے کہ "گو سلیکٹڈ گو”۔
سندھ اور پنجاب کے بعد اسلام آباد زیادہ دور نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، ہر بات پر یو ٹرن لیا۔ انہوں نے بحران پیدا کئے، مہنگائی کا سونامی لایا ہے۔ ان کی نالائقی کی وجہ سے آپ بوجھ اٹھا رہے ہیں، بجلی کی قیمت کی صورت میں پٹرول،ا ور کھانے پینے کی اشیاءکی صورت میں جو انہوں نے انتہائی مہنگی کر دی ۔
پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ گھبرایا ہوا ہے، خوفزدہ ہے، گالی دینے پر اتر آیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایم ایف کی ڈیل نے مہنگائی کا سونامی پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ کو احساس کارڈ کردیا ہے تاکہ شہید بی بی کا نام مٹا سکے لیکن آج ہر عورت کے دل پر شہید بی بی کا نام لکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی ملک کو مشکل سے نکالا تھا اور ہم ہی ملک کو مشکل سے نکالیں گے۔ شہیدبی بی کے قتل کے بعد ہر طرف تباہی تھی، ہر طرف آگ ہی آگ تھی۔ ملک میں دہشتگردی تھی، کسادبازاری تھی مگر صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر، پاکستان کو بچا لیا۔ صدر زرداری نے حکومت ملنے کے لئے بعد ملک کو دہشتگردی سے پاک کیا۔
مہنگائی کو کنٹرول کیا، خواتین کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد کی گئی، تنخواہیں، پنشن میں اضافہ کیا گیا۔ دہشگردی سے لڑنے والے فوجیوں کی تنخواہوں میں 175فیصد اضافہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف پہنچاتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گجرات کے عوام نے بھی فیصلہ سنا دیا ہے۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری جب گجرات پہنچے تو عوام نے ان کا تاریخی اسقبال کیا۔ جیے بھٹو، وزیراعظم بلاول، شہید بی بی زندہ ہے، اور گو سلیکٹڈ گو کے فلک شکگاف نعروں سے ان استقبال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کا گجرات میں بھی تاریخی اور بے مثال استقبال تھا۔