جماعۃالدعوۃ

جماعۃالدعوۃ پاکستان کی جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کی مذمت

لاہور :جماعۃالدعوۃ پاکستان کے ترجمان یحییٰ مجاہدنے جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرونی دباؤ پر کئے گئے اس فیصلہ سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ کشمیریوں کے حق میں مضبو ط آواز بلند کرنے کے جرم میں جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگائی گئی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پہلے بھی بھارتی مطالبہ پر پابندیاں لگائی گئیں لیکن پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں نے اپنے فیصلوں میں واضح طور پر قرار دیا کہ جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن دونوں پرامن جماعتیں ہیں اور انہیں ملک میں رفاہی، فلاحی اور دعوتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔یحییٰ مجاہدنے کہاکہ جماعۃالدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن نے پہلے بھی بیرونی دباؤ پر لگائی گئی پابندیوں کیخلاف عدالتوں سے رجوع کیا اب بھی عدالت جائیں گے اور قانونی راستہ اختیار کریں گے۔ ترجمان نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اس وقت زبردست عروج پر ہے اور پوری کشمیری قوم پاکستان کی جانب دیکھ رہی ہے۔