ایم کیوایم

وزیراعظم کی ایم کیوایم کی قیادت سے ملاقات، تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی

کراچی(لاہورنامہ)وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کی قیادت سے ملاقات کے دوران تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا، اپوزیشن جماعتیں ناکام ہوں گی۔

اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کے بعد اتحادیوں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے عمران خان متحرک ہو گئے ہیں.

بدھ کووہ کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں سے ملاقات کرنے پہنچے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی زیدی، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر بھی وزیرِ اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے بہادر آباد میں واقع عارضی مرکز میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ عمران خان کا بطور وزیراعظم ایم کیو ایم مرکز کا پہلا دورہ تھا۔وزیراعظم عمران خان نے ایم کیوایم کی قیادت سے ملاقات کی ، ملاقات میں وفاقی وزراشاہ محمود قریشی ، اسدعمر، علی زیدی موجودتھے جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے خالد مقبول، عامر خان ، امین الحق ، کنور نوید ،وسیم اختر ودیگر شریک تھے۔

ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور سندھ کے شہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے وزیر اعظم کو کراچی پیکیج پر عمل درآمد اور دیگر معاملات پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خالدمقبول صدیقی نے عمران خان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے کہاکہ خان صاحب کیا صورتحال ہے کیا پالیسی ہے ، جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ خالد آپ کو سب حالات کا پتہ ہے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے، حالات آپ کے سامنے ہیں ایم کیو ایم کا ساتھ چاہیے۔

وزیراعظم نے کہاکہ امین الحق اچھا کام کررہے ہیں، اسدعمر ایم کیوایم اور کراچی کے مسائل پر بات کرتے رہتے ہیں، ہم نے سندھ حکومت سے زیادہ کراچی کو اون کیا اور ایم کیوایم کے مسائل بھی ہمیشہ حل کرنے کی کوشش کی۔عمران خان نے کہا کہ کراچی کو گرین لائن پروجیکٹ بھی ہم نے دیا ، مردم شماری پر بھی تحفظات حل کیے ،ایم کیوایم نے ہمیشہ حکومت کا ساتھ دیا، اپوزیشن جماعتیں ناکام ہوں گی۔

خالد مقبول نے عمران خان سے کہاکہ ایم کیوایم کے کئی مسائل بدستور حل طلب ہیں، جس پر وزیراعظم نے تمام مسائل اور تحفظات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات کے دوران خالد مقبول صدیقی نے ہمارے دفاتر اب تک نہیں کھلے ہیں، جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ آپکے دفاتر جلد کھل جائیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی ایم کیو ایم رہنمائوں سے ہونے والی ملاقات کے بعد حیدر آباد میں ایم کیو ایم کا زونل دفتر کھول دیا گیا۔ایم کیو ایم کے زونل آفس کے ترجمان نے بتایا کہ حیدر آباد کے بھائی خان چوک پر زونل آفس کھول دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کئی سال قبل بانی متحدہ کی متنازع تقریر کے بعد پابندی عائد کیے جانے پر کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں واقع تنظیمی دفاتر بند کر دیے گئے تھے۔ایم کیو ایم اراکین سے ملاقات کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان ایم کیو ایم کے عارضی بہادر آباد مرکز سے روانہ ہو گئے۔ملاقات کے بعد ایک صحافی کی جانب سے خالد مقبول صدیقی سے پوچھا کہ کیا ایم کیو ایم پاکستان وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے؟ جس پر انہوں نے کہاکہ اگر ہم وزیر اعظم کے ساتھ نہیں ہیں تو عمران خان وزیر اعظم نہیں رہتے۔