لاہور(لاہورنامہ)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 11فیصد اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2020- 21 کے ابتدائی سات ماہ میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم1.084ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تاہم رواں مالی سال کے اسی مدت کے دوران جولائی تا جنوری 2021-22کے دوران ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم1.166ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کار ریکارڈ گی گئی ۔
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 8کروڑ20لاکھ ڈالر اضافہ یعنی 11.03فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں قائم سپیشل اکنامک زونز میں ٹیکسوں کی چھوٹ بنیادی سہولتوں کے ساتھ انٹرنیشنل سٹینڈرز کے انفراسٹرکچر سے نئی صنعتوں کا قیام عمل میں آئے گا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ان سپیشل زونز میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے اقدامات کیلئے جائیں بجلی گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ ملک میں مہنگائی کی روک تھام ہو اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں مزید سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔