اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی ہے، ان کو کئی سرپرائز دیں گے.
اپوزیشن کا اسی کے انداز میں منہ توڑ جواب دیں گے۔ جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے پاس بہترین ٹیکنالوجی آئی ہے، یہ جدید طیارے قلیل مدت میں حاصل کئے گئے ہیں، چین کی جانب سے جے ٹین سی طیارے فراہم کرنے پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کے نام کے ساتھ پتہ نہیں مولانا کیوں لکھتے ہیں، یہ یہودیوں اور اغیار کی سازش لگتی ہے اس سے مولانا بدنام ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی مخالفت میں ایک دوسرے کو چور کہتے اور گالیاں دیتے تھے، ایک دفعہ دنگل ہوا تھا، ایک دوسرے کو تھپڑ مارے گئے تھے، ہماری حکومت آئی تو انہوں نے اسمبلی کے پہلے اجلاس میں ملک کے منتخب وزیراعظم کو تقریر نہیں کرنے دی، گالم گلوچ کی، شور شرابا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والوں نے اسمبلی میں وعدہ کیا کہ ہمیں تقریریں کرنے دیں پھر آپ کی تقریریں سنیں گے لیکن یہ ایسا کرتے ہیں بلکہ طوفان بدتمیزی مچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے حکومت کے خلاف دھرنا دیا، کورونا وبائ کے دوران انہوں نے حکومت کی مخالفت کی، ہماری مسلح افواج نے بھارتی طیارے مار گرائے، ہم نے بھارتی پائلٹ واپس کیا، اس پر بھی انہوں نے تنقید کی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ روز شام کو اداروں کو گالیاں دی جاتی ہیں، جب یہ جیت جاتے ہیں تو یہ ان کی فتح ہوتی ہے، جب ہار جاتے ہیں تو فون کالز آنے کا شور مچاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی آقائوں کی خوشنودی کیلئے یہ شور مچا رہے ہیں، اپوزیشن والے اپنے ساتھ اراکین کی تعداد تو بتاتے ہیں، ہمارے اراکین کے جو نام لیتے ہیں وہ اس کی تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ وہی زبان استعمال کی جائے گی جو یہ استعمال کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف ان کو منہ توڑ جواب دیں گے، اداروں پر تنقید کا بھی جواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر بدتمیزی کا بھی اسی انداز میں جواب دیا جائے گا، ہم دیکھیں گے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی میں کس طرح تقریر کرتے ہیں، وہ شور میں تقریر نہیں کر سکتے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد سے متعلق حکمت عملی تیار ہے، ان کو کئی سرپرائز دیں گے، انہوں نے بیرونی قوتوں سے مل کر شدید حملہ کیا ہے، 15 سے 20 کروڑ روپے میں اراکین اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی ہے، ان کی قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر ویڈیو بنائی گئی ہیں، ٹکٹوں کے وعدے کئے گئے ہیں، ان کی پاکستان کے خلاف چالیں ناکام ہوں گی۔
شہباز گل نے کہا کہ ان کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے بند کر دیں گے، جب تک عمران خان وزیراعظم ہے ملک کا مفاد نہیں بیچے گا، ہمارے ساتھ جو بھی ہو بھگتیں گے، پوری تیاری میں ہیں اور فیصلے کر چکے ہیں، یہ اپنے کھودے ہوئے گڑھے میں خود گریں گے، جتھا بردار فورس نے پارلیمنٹ لاجز پر حملہ کیا، پولیس نے ان سے پہلے بات چیت کی، ان کی بات نہ ماننے پر گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑا بھائی گالیاں دیتا ہے، شہباز شریف پائوں پڑتا ہے، کسی اور کو بے وقوف بنائیں، ہمیں آپ کے ڈرامے کا پتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ دونوں میں کوئی فرق نہیں، ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ایک ہی طرح سے چوری کرتے ہیں، ہم آپ کی چال سمجھ چکے ہیں، ہم آپ کی سیاسی ٹھکائی کریں گے، عدم اعتماد ختم ہونے کے بعد آپ کو سیاسی شکست دیں گے، یہ ”بنانا” ری پبلک نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پری میچور سیاستدان ہیں، ہم نے آپ کیلئے ٹیوٹر کا بندوبست کر دیا ہے جو روز آپ کو دو گھنٹے اردو سکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جلد اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرے گی، وزیراعظم عمران خان عوام کے حقوق کیلئے ڈٹ کر کھڑے ہیں۔