لاہور(لاہورنامہ)پاکستان پینشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ہیڈ آفس لاہور کے مرکزی صدر حاجی محمد ارشد چوہدری اور سیکرٹری جنرل چوہدری ریاض مسعود نے کہا ہے کہ جان لیوا مہنگائی کے دور میں موجودہ پینشن میں گزارہ کرنا ممکن نہیں ہے۔
اشیاء خوردو نوش اور ادویات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔پٹرول ، بجلی ، گیس کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔لیکن ہماری پینشن میں صرف 10فی صد اضافہ بزرگوں سے مذاق کے علاوہ کچھ نہیں۔ہمارا مطالبہ ہے کہ ہماری پینشن میں مہنگائی کے تناسب سے کم از کم 50فی صد اضافہ کیا جائے۔
بڑھاپے میں ادویات ہماری زندگی کا لازمی جز بن چکی ہیں۔ جن کی قیمتوں میں 250فی صداضافہ ہو چکا ہے لہذا ہمارے میڈیکل الائونس میں 100فی صداضافہ کیاجائے۔گروپ انشورنس کی رقم جو ہمیں ابھی تک ادا نہیںکی گئی وہ منافع کے ساتھ ادا کی جائے۔ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کے لئے 50فی صد کوٹہ مختص کیا جائے۔
جو رجسٹرڈ صنعتی مزدور ہیں ان کی پینشن کم از کم 20ہزار مقرر کی جائے۔پاکستان کے تمام بینکوں کی پینشن جو2002سے منجمد ہے اس کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ہمارے مطالبات منظور نا ہوئے تو ہم احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھانے پر مجبور ہو جائیں گے اور اپنے حق کے لئے ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
انہوں نے گزشتہ روز پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی مظاہرے میں وفاقی و صوبائی محکموں ، اداروں اور کارپوریشنوں کی پینشنز تنظیموں کے کارکنان نے شرکت کی جو اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔
اس موقع پر عبدالعزیز کھوکھر،حافظ ارشاد علی،شیخ محمد علیم ،عبدالرشید ،ذکاء اللہ ، ملک احتشام الحق ،مقصود احمد چغتائی،سلیم شیرازی ،محمد اسلم نے بھی خطاب کیا۔