مراد علی شاہ

ایم کیو ایم کی کسی بات سے اختلاف نہیں، نئی حکومت ہفتے میں آرہی ہے، مراد علی شاہ

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلی حکومت ہفتے دس دن میں آرہی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ہرسیاسی جماعت جس کے پاس مینڈیٹ ہے، اس سے بات اورکام کرنے کیلئے تیارہیں، ایم کیوایم مطالبات کا پیپربناکرآئی تھی، ایم کیو ایم کے مطالبات پربلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں کوئی اختلاف نہیں، ایم کیو ایم کی کسی بات سے اختلاف نہیں بس کچھ چیزوں کی ‘ورڈنگ’ دیکھنا ہوگی۔

تحریک عدم اعتماد پر مراد علی شاہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر28 مارچ سے آگے نہیں جاسکتے، حکومت کہہ رہی ہے ہمارے نمبرز پورے نہیں ، ایسی بات ہے تو بے شک آج ہی اجلاس بلا کر ووٹنگ کرا لیں، 172 سے زیادہ لوگ تحریک عدم اعتماد کی حمایت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لوگوں کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھردیے ہیں اس لیے ایک کروڑ لوگ توآئیں گے۔

مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ اگلی حکومت ہفتے دس دن میں آرہی ہے۔وزیراعلیٰ نے طنزیہ کہا کہ گورنرہاؤس اور پرائم منسٹر ہاؤس میں جویونیورسٹیاں بن گئی ہیں انہیں بند نہ کریں، ان یونیورسٹیوں کے طالب علم اب اپنے آخری سال میں ہیں۔