ڈاکٹر عارف علوی

کاروباری ادارے ہنر کے مطابق نوکریاں فراہم کریں، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مستقبل کا عالمی اور کاروباری نظام اخلاقیات ،انصاف اور انسانی ہمدردی پر مبنی ہونا چاہیے .

موجودہ ورلڈ آرڈر میں دولت اور طاقت کو اہمیت حاصل ہے، انسانیت کی ضرورت اخلاقی اقدار ہیں ، کاروباروں میں بھی ان پہلوئوں کو مدنظر رکھا جائے، کاروباری ادارے خصوصی افراد کے ہنر کے مطابق نوکریاں فراہم کرکے کاروباری شعبے میں ان کی شرکت بڑھائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ٹیلی نار پاکستان کے زیر اہتمام” اخلاقیات اور کاروبار ”کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان وہاب نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کاروباری شعبے میں اخلاقی اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں منافع کے ساتھ ساتھ ورکرز کے حقوق کے تحفظ ، ماحولیاتی لحاظ سے پائیداریت اور انسانی ہمدردی و انصاف کے پہلوئوں کو بھی مد نظر رکھا جانا چاہیے ۔

انہوں نے دنیا میں مختلف معاشی نظاموں کا موازنہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار منافع کے لئے ہی کیا جاتا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ دیگر معاشرتی ذمہ داریوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، اس حوالے سے بل گیٹس اینڈ میلنڈا فائونڈیشن کی مثال موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی صرف مالی نہیں ہوتی بلکہ اس کی دیگر اخلاقی اور معاشرتی جہتیں بھی ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ، جعلی خبروں سے ہونے والے نقصانات بھی ہمارے سامنے ہیں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں ملٹی نیشنل کمپنیاں ملکی پالیسیوں اور فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، عالمی معاملات میں مفادات کو ترجیح حاصل ہے جبکہ دنیا کے امن اور انسانیت کے مستقبل کے لئے اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر فیصلے کرنے کی اہمیت ہے ، اس تناظر میں دنیا کو ایک نئے نظام کی ضرورت ہے جو اخلاقیات اور انسانی ہمدردی کے اصولوں پر مبنی ہو ۔

قبل ازیں سی ای او ٹیلی نار عرفان وہاب نے صدر مملکت کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ٹیلی نار کو پاکستان میں اپنا کاروبار شروع کئے 17سال مکمل ہو گئے ہیں ، اس مناسبت سے ہم نے کاروبار میں اخلاقیات اور شفافیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے سنجیدہ کوشش کا آغاز کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے اخلاقیات اور کارپوریٹ گورننس کی بنیاد پر ترقی کی ہے.

پاکستان میں بھی تمام چھوٹے بڑے کاروباری اداروں کو اس پر توجہ دینی چاہیے ،کاروبار کے لئے ماحولیات ، سماج اور گورننس کو بڑی ا ہمیت حاصل ہے ۔ انہوں نے ٹیلی نار کی جانب سے اس حوالے سے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس کا جائز مقام دلانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔