شیخ رشید

سرینگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردی ہے، شیخ رشید

اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی پاکستان آمد پر انہیں گرفتار کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کے مطابق جام عبدالکریم کو عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی.

سندھ حکومت ووٹ لینے کیلئے جام عبدالکریم کو گرفتار نہیں کرے گی ، جام عبدالکریم کا نام انٹرپول میں بھی ڈلوائیں گے، عدالت کے حکم کے مطابق راستے کھلے رہنے چاہئیں .

سرینگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا ہے، دھرنے کی کسی کو اجازت نہیں ، تین یا چار تاریخ کو عدم اعتماد کی ووٹنگ ہو گی، اپوزیشن کے تمام اراکین کو مکمل سیکیورٹی دیں گے،منحرف ارکان فائیو اسٹار ہوٹل میں مزے کر رہے ہیں،ناکام اپوزیشن کی وجہ سے اگلی بار بھی ہمیں ہماری نظر آ رہی ہے۔

ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے آئین کے آرٹیکل 204 اور توہین عدالت آرڈیننس 203 کی دفعہ تین کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی ہے کیونکہ اسپیشل برانچ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے مختلف اطلاعات آ رہی ہیں کہ یہ بوکھلائے اور گھبرائے ہوئے ہیں اور پی ٹی آئی کے عوامی سمندر کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ سمیت انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ راستے کھلے رہنے چاہئیں اور امن و امان کے ساتھ ساتھ لوگوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جائے لہٰذا ہم نے سرینگر ہائی وے رینجرز اور ایف سی کے حوالے کردیا ہے۔شیخ رشید احمد نے بتایا کہ ہم نے 2ہزار رینجرز، 2ہزار ایف سی اور دو ہزار مختلف صوبوں سے پولیس طلب کی ہے جبکہ 9ہزار ہماری پولیس ہے اور ان 15ہزار کی ڈیوٹی امن و امان کیلئے لگائی ہے، اچھی بات یہ ہے کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) اپنی جگہ پر اسٹیج واپس لے گئی ہے.

ان کو ہفتہ کو جلسے کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے سرینگر ہائی وے کی درخواست دی جو ہم نے مسترد کردی ہے، بعد میں ان کا کہنا تھا کہ وہ جے یو آئی کے مقام پر جلسہ کر لیں گے تاہم انہوں نے ابھی تک ہمیں کوئی درخواست نہیں دی۔انہوںنے کہاکہ ہم جلسے کرنے والوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کریں گے تاہم دھرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے، تین یا چار تاریخ کو عدم اعتماد کی ووٹنگ ہو گی، اپوزیشن کے تمام اراکین کو مکمل سیکیورٹی دیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم دبئی سے ووٹ ڈالنے کیلئے آ رہے ہیں، وہ آئیں گے تو ہم انہیں گرفتار کر کے سندھ پولیس کے حوالے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ اس پارٹی کا اندازہ لگائیں کہ مفرور قاتلوں کو بھی ووٹ ڈالنے کیلئے دبئی سے لا رہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ ان کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم جام عبدالکریم کو پکڑیں اور اس کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈالیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم مفرور رکن اسمبلی کا نام انٹرپول میں بھی ڈالیں گے، ہم نے اس معاملے میں کوتاہی برتی ہے کیونکہ ظاہر ہے کہ سندھ حکومت نے تو نہیں کہنا تھا کہ ان کا نام انٹرپول میں ڈالا جائے۔انہوں نے کہا کہ 28 سے لے کر چار تاریخ تک 7 دن اہم ہیں، دنیا کی توجہ پاکستان کی سیاست پر ہے، ہم تمام پارٹی کے لوگوں کیلئے راستے کلیئر رکھیں گے، کسی کو کسی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دیں گے، اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون ان کو ہاتھ میں لے گا۔

شیخ رشید احمد نے کہاکہ اسلام آباد میں او آئی سی کے انتظامات پر تمام سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد دیتا ہوںکیونکہ ملک دشمن عناصر او آئی سی اجلاس کو ناکام کرنا چاہتے تھے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ وزارت داخلہ کو اختیار ہے کہ کابینہ اور وزیراعظم کی منظوری سے آرٹیکل 245 کے تحت فوج طلب کر سکتی ہے،اللہ نہ کرے ایسے حالات بنیں، اگر حالات خراب ہوئے تو ذمہ دار یہ لوگ ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی ہے.

سپریم کورٹ نے نام لے کر ذمہ داری ہم پر ڈال دی ہے،اگر کچھ غلط ہوا تو نتیجہ اپوزیشن بھکتے گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کامیاب ہونگے،پانچ سال پورے ہونگے۔شیخ رشید نے کہا کہ بجٹ کے بعد ہمیں الیکشن کی طرف جانا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ میں نے گورنر راج لگانے تجویز دی تھی مگر مسترد کیا گیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ریڈ زون میں کسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ اتحادیوں اور منحرف ارکان سے بات چیت کی جا رہی ہے،راولپنڈی سے ریلی سب سے بڑی ریلی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پنڈی شہر والے وفادار شہر ی ہیں پنڈی وفاداری کو دیکھتا ہے غداری کو نہیں ۔