عثمان بزدار

پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع

لاہور(لاہورنامہ) مرکز کے بعد پنجاب کے سیاسی ماحول میں کھلبلی مچ گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے تحریک عدم اعتماد جمع کرادی.

وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد اپوزیشن ارکان رانا مشہود اور سمیع اللہ خان نے جمع کرائی۔عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ن لیگ کے 122 اور پیپلزپارٹی کے 6ارکان کے دستخط ہیں۔عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر سو سے زائد ارکان کے دستخط موجود ہیں، تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے جبکہ اسمبلی رولز کے مطابق تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر اسپیکر 14دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔

گذشتہ روز پنجاب کی سیاست میں اہم پیش رفت دیکھنے میں آئی جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف نے ق لیگ کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کی شرط مان لی ہے اور نئی ڈیل کے تحت وزارت اعلیٰ 6 ماہ کے لیے ہوگی۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی قیادت (ق) لیگ کو 6 ماہ کیلئے پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے پر رضامند تو ہوگئی ہے تاہم اس کے اعلان پر اختلاف ابھی باقی ہے کیونکہ ن لیگ عدم اعتماد کے بعد جبکہ (ق) لیگ وزارت اعلیٰ کا اعلان پہلے چاہتی ہے۔