اسلام آباد(لاہورنامہ)سابق صدر مملکت اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پرویز الہٰی نے بہت دیر کر دی ، وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کریگی.
وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں کچھ دوست پاور اور ہم پاکستان کا سوچ رہے ہیں، اقتدار تو آتا جاتا رہتا ہے، (ق)لیگ کو دعوت دی وہ ہمارے ساتھ چلنے کیلئے تیار تھے کہ معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے، ان سے پوچھا جائے کہ رات کے 12 بجے ہمیں مبارک باد دینے آتے ہیں اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کی قیادت آصف زرداری ، بلاول بھٹو زرداری، گوادر سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی،جے یو آئی رہنماعبدالغفور حیدری ،ایاز صادق ، بلوچ رہنما اختر خان مینگل ودیگر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی،جس میں بلوچستان گوادر سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
اس موقع پر ق لیگ کے حکومت کی حمایت کے سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ سیاسی لوگوں کا رابطہ تو رہتا ہے، تمام پارٹیوں کو مل کر ملک کو بچانا ہو گا،ملک کو بچانے کی غرض سے میں نے (ق)لیگ کو بھی دعوت دی وہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار تھے کہ معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے، ان سے پوچھا جائے کہ رات کے بارہ بجے ہمیں مبارک باد دینے آتے ہیں اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں، جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وزیراعلی پنجاب وہی ہوگا، پنجاب میں بھی ہم اپنی مرضی کی تبدیلی لائیں گے، پنجاب میں مشاورت سے وزیراعلیٰ کا امیدوارلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو احساس ہے پاکستان کو بچانا ہے، کچھ دوست پاور اور ہم پاکستان کا سوچ رہے ہیں، اقتدار تو آتا جاتا رہتا ہے، ہم سب نے مل کر ریفارمز کرنی ہے۔ اب پنجاب کے حوالے سے ملکر فیصلہ کریں گے، اب پرویز الہی نے دیر کر دی ہے، اب وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا جس کا فیصلہ اپوزیشن کرے گی، نمبرز گیم صرف ہمارے پاس ہیں۔سابق صدر نے کہا کہ پرویز مشرف بھی ملک کواسی نہج پرلے آیا تھا، مشرف کے بعد ہم نے حالات کو سنبھالا تھا، اس دفعہ بھی بیٹھ کرآئندہ کا راستہ بھی بنالیں گے۔
ایم کیوایم کی کسی ڈیمانڈ پر انکارنہیں کیا، پاکستان، کراچی کی ترقی کے لیے ہم نے ایم کیوایم کے ساتھ میوچل ورکنگ شپ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔