لاہور:گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف عوامی سطح پر بات نہیں کرنی چاہیے،اداروں پر بات کرنے کے لیے ایوان کا پلیٹ فارم موجود ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نے اداروں پر الزام تراشی نہیں کی، اداروں میں خامیاں ہوسکتی ہیں، ان کو دور کیا جاسکتا ہے، 70سال میں پہلی ایسی حکومت ہے جس میں 3 وزرا نے استعفے دیے۔چوہدری سرور نے مزید کہا کہ ہمسایوں اور دیگر ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں،بھارت سے بھی برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس اگر الزامات کا ثبوت ہے تو فراہم کرے، کسی ملک کے ساتھ جنگ نہیں کرنا چاہتے، اگر جارحیت ہوئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
گورنرپنجاب نے یہ بھی کہا کہ مصالحانہ انداز اور مذاکرات کی کوشش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، اگر کوئی الزام بھی ہے تو ہم اس کی تحقیقات کرنے کو بھی تیار ہیں۔