اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان مقدر کا سکندر ہے، مجھے فخر ہے کہ میں عمران خان کے ساتھ ہوں، ضمیر فروش ناکام ہوں گے.
عمران خان کو جو مقبولیت اس وقت حاصل ہے یہ عام انتخابات میں بھی نہیں تھی۔
بدھ کو اسلام آباد میں ای پاسپورٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ چھوٹی سوچ کے حامل لوگ جن کی کمزوری مال ہے اور وہ ماضی میں کرنل قذافی اور اسامہ بن لادن سے مال بٹورتے رہے، وہ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہو گئے ہیں.
شریف خاندان میموگیٹ سکینڈل میں کالا کوٹ پہن کر زرداری کے خلاف پیش ہوا اور آج اکٹھے ہو گئے، مجھے سب علم ہے یہ کیسے پہلے شاہ عبداللہ کے ذریعے دبائو ڈال کر بھاگے، فوج نہیں چاہتی تھی کہ یہ باہر جائیں،بلاول بھٹو اس کے خلاف مودی کے یار کے نعرے لگاتا رہا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ میں سیاسی ورکر ہوں اور پوری کوشش رہی کہ وزارت کے دوران عام آدمی کو سہولیات ملیں، ای پاسپورٹ سے اب اس میں ہونے والی پیشرفت گھر بیٹھ کر دیکھی جا سکتی ہے، پہلے پاسپورٹ بنانے میں بھی کرپشن تھی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اجمل قصاب کے گائوں فریدکوٹ کا پتہ نواز شریف نے دیا، اگر یہ معلومات غلط ہوں تو مجھے جو سزا ملے قبول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے عمران خان کے ساتھ مل کر سیاست کی، جو مقبولیت اس وقت عمران خان کو حاصل ہے عام انتخابات کے موقع پر بھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کو کہتا تھا کہ اسمبلیاں توڑیں اور نئے انتخابات میں جائیں، میں عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔
انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ نالہ لئی پر ایکسپریس وے میرا خواب ہے جبکہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کی بھی درخواست ہے۔