اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں، ایوان صدر اور وزیراعظم ہائوس پر آئین شکن ٹولے کا قبضہ ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عمران صاحب نے تین اپریل کو پاکستان کے آئین اور عوام کے ساتھ کھلواڑ اور تاریخی فراڈ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آئین شکن ٹولہ بائیس کروڑ عوام اور آئین کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہا ہے،ملک میں پی سی او اور قبضے والی حالت ہے۔
انہوں نے کہاکہ آئین معطل اورملک سنگین آئینی ، سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار ہے ،عمران خان کے احکامات کی کوئی آئینی وقانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا جو بھی حکم مانے گا ، اس جرم میں حصہ دار ہو گا اور آرٹیکل 6 کا سامنہ کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان اقتدار سے چمٹے رہنے کی خاطر غیرآئینی وغیرقانونی طورپر بائیس کروڑ عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہے ،ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ساڑھے تین سال معیشت پارلیمنٹ ، الیکشن کمشن ، میڈیا سمیت دیگر اداروں کو یرغمال بنایا ،اب مہنگائی ، غربت اور بھوک سے پسی عوام کواپنے غیرآئینی اقتدار کے ذریعے یرغمال بنائے ہوئے ہے ۔
انہوں نے کہاکہ بیرونی ملک سازش کے جھوٹ کے ذریعے اپنی نالائقی، کرپشن اور تاریخی ناکامیاں چھپانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔