شدید تلخ کلامی

سپریم کورٹ کے باہر فواد چوہدری اور صحافیوں میں شدید تلخ کلامی، پریس کانفرنس کا بائیکاٹ

اسلام آباد (لاہورنامہ)سپریم کورٹ کے باہر سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور صحافیوں میں تلخ کلامی ہوئی،سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور فواد چوہدری میڈیا سے گفتگو کررہے تھے کہ اس دوران سینئر صحافی مطیع اللہ جان نے فرح خان کے بیرون ملک جانے سے متعلق سوال کیا جس میں فواد چوہدری بیچ میں آئے اور اپنی بات کرنے لگے۔

اس دوران مطیع اللہ جان نے سوال کا جواب دینے کا مطالبہ کیا جس پر فواد چوہدری کی ان سے تلخ کلامی ہوگئی جس کے بعد دیگر صحافیوں نے بھی فواد چوہدری کے رویے پر احتجاج کیا۔فواد چوہدری نے مطیع اللہ جان کو کہا کہ تم صحافی نہیں یوٹیوبر ہو اس دوران مطیع اللہ جان اور دیگر صحافیوں نے بھی فواد چوہدری پر شدید تنقید کی۔

فواد چوہدری نے صحافیوں پر پیسے لینے کا الزام لگایا، اس دوران صحافیوں نے پی ٹی آئی رہنما کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تاہم فواد چوہدری مسلسل گفتگو کرتے رہے۔صحافیوں نے فواد چوہدری کی معافی تک بائیکاٹ کا اعلان کیا تاہم فواد چوہدری نے معذرت سے انکار کردیا۔فواد چوہدری کے معافی نہ مانگنے پر صحافیوں نے ان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا اور ان کے پاس سے مائیک ہٹا دئیے جس کے بعد فواد چوہدری اور اسد عمر گفتگو ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔