اقوام متحدہ (لاہورنامہ)اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے جانگ جون نے کہا ہے کہ یوکرین کی صورت حال میں بہتری اور جلد ازجلد جنگ بندی عالمی برادری اور چین کی مشترکہ خواہش ہے۔
بد ھ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق ان خیا لات کا اظہار جانگ جون نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے یوکرین کی صورتحال پر ایک منعقد ہ اجلاس میں چین کے موقف کو واضح کرتے ہوئے کیا۔ جانگ جون نے کہا کہ چین نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ بات چیت ہی امن کے دروازے کھولنے کا واحد راستہ ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے ہیں۔
چین دونوں فریقوں کا پرامن مذاکرات کی سمت پر قائم رہنے اور مشکلات اور اختلافات پر قابو پانے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ عالمی برادری کو دو طرفہ مذاکرات کے لیے سازگار حالات اور ماحول پیدا کرنا چاہیے اور مقامی تنازعات کو بڑھنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔جانگ جون نے کہا کہ چین یوکرین کے انسانی بحران کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ان تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو یوکرین میں انسانی بحران کو کم کرنے کے لیے سازگار ہوں۔
چین نے امریکہ، نیٹو اور یورپی یونین سے اپیل کی ہے کہ وہ روس کے ساتھ جامع مذاکرات کریں، برسوں سے حل طلب مسائل کا سامنا کریں اور حل تلاش کریں اور ایک متوازن، موثر اور پائیدار علاقائی سلامتی فریم ورک کے قیام کو فروغ دیں۔