اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری میں جیمرز نصب کر دیئے گئے ہیں ، جیمرز فوری ہٹا ئے جائیں۔
پنجاب اسمبلی میں جیمرز لگانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اور اونگزیب نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری میں جیمرز نصب کر دیئے گئے ہیں، موصول ہونے والی فوٹیج میڈیا کے ساتھ شیئر بھی کر دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ پونے چار سال تک میڈیا پر پابندیاں لگائی گئیں، سینسر شپ کی گئی، صحافیوں اور میڈیا ورکرز پر ظلم کیا گیا۔
مریم اور نگزیب نے کہاکہ جیمرز لگا کر میڈیا کو صحافتی ذمہ داریوں سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے،اس سے پہلے بھی جب یہ الیکشن ہونے لگا تھا اس دن بھی میڈیا کو اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔انہوں نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری میں جیمرز لگے ہوں گے تو میڈیا کیا رپورٹ کرے گا؟
انہوں نے کہاکہ جیمرز لگانے کا مقصد یہی ہے کہ جو حرکت یہ اسمبلی میں کرنے کی کوشش کریں گے میڈیا رپورٹ نہ کر سکے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر پریس گیلری سے جیمرز ہٹائے جائے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ نالائق چوروں کے ٹولے کو جس طرح قومی اسمبلی سے باہر پھینکا گیا ہے اسی طرح پنجاب اسمبلی سے بھی باہر پھینکا جائے گا، انہوں نے کہاکہ چھوٹی ذہنیت والی حرکتیں بند ہونی چاہئیں، جیمرز کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔