شہباز شریف

توشہ خانہ کیس میں ہر چیز قانون کے مطابق ہو گی، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ہر چیز قانون کے مطابق ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کنفرم کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے بیرون ملک سے تحفے میں ملی گھڑی اور دیگر قیمتی سامان 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے بھی عمران خان کی جانب سے بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف فروخت کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ عمران خان نے خرید لی، اب ان کی مرضی ہے کہ وہ گھڑی 5 کروڑ میں فروخت کریں یا 10 کروڑ میں، عمران خان پر یہ کوئی اعتراض نہیں بنتا۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صحافی کی جانب سے وزیراعظم سے سوال کیا گیا کہ کیا توشہ خانہ کا نیب ریفرنس بنے گا؟صحافی کے سوال پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہر چیز قانون کے مطابق ہو گی۔