بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے انسان بردار خلائی ادارے کے مطابق ہفتہ کے روز بیجنگ کے مقامی وقت 9 بجکر 56 منٹ پر، شینزو ۔13 کے تینوں خلا باز کامیابی سے زمین پر واپس لوٹ آئے ۔
خلائی کیپسول نے دونگ فینگ لینڈنگ سائٹ پر کامیاب لینڈنگ کی اور تینوں خلا بازوں کی جسمانی صحت بھی اچھی ہے۔یوں چین کے انسان بردار خلائی مشن شینزو ۔ 13 کی کامیاب تکمیل کی گئی ہے۔چینی میڈ یا نے بتایا کہ ادارے کے مطابق خلائی کیپسول کی کامیاب لینڈنگ کے بعد ، سرچ اینڈ ریسکیو مشن کی ذمہ دار ٹیم بروقت لینڈنگ سائٹ پر پہنچ گئی۔ کیبن کا دروازہ کھلنے کے بعد طبی عملے نے تصدیق کی کہ تینوں خلاباز صحت مند ہیں۔ متعلقہ حکام نے دونگ فینگ لینڈنگ فیلڈ میں خلابازوں کا استقبال کیا۔
یاد رہے کہ شینزو ۔13انسان بردار خلائی مشن 16 اکتوبر 2021 کو جی چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا گیا تھا۔ تین خلاباز وں نے ریکارڈ چھ ماہ خلا میں قیام کیا اور متعدد تجربات کیے۔اس دوران، خلابازوں نے یکے بعد دیگرے خلا میں 2 مرتبہ چہل قدمی کی، اور متعدد سائنسی اور تکنیکی تجربات کیے جیسے کہ ڈاکنگ اور روبوٹک بازو کی مدد سے ماڈیول کی منتقلی وغیرہ، جس نے خلابازوں کے طویل مدتی قیام میں مدد فراہم کی ہے۔
اس کے علاوہ کلیدی ٹیکنالوجیز جیسے کہ سیکورٹی، خلائی مواد کی فراہمی، آؤٹ بورڈ سرگرمیاں، ایکسٹرو ویکیولر آپریشنز، اور مدار میں دیکھ بھال وغیرہ جیسی سرگرمیاں بھی انجام دی گئی ہیں۔ اس مشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خلا بازوں نے دو مرتبہ خلائی لیکچرز بھی دیے ہیں۔
شینزو ۔13انسان بردار خلائی مشن کی جامع کامیابی خلائی اسٹیشن کی تعمیر کے حوالے سے کلیدی ٹیکنالوجی کی توثیق کے مرحلے کی کامیاب تکمیل کی نشاندہی کرتی ہے، اور اب چین کا خلائی اسٹیشن تعمیر کے مرحلے میں داخل ہونے والا ہے۔