لاہور (لاہورنامہ) ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے کہا ہے کہ ہماری آزادی ٗ مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے خواب کی مرہونِ منت ہے.
انھوں نے مسلمانانِ ہند کو خواب غفلت سے بیدار کیا،ان کا پیغام ہمارے اور آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ان خیالا ت کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے یوم خودی کی تقریبات کا جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ رواں سال ٗ کو اقبال کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے، سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں.
اس موقع پر ٗ سیمیناز’’اقبال اور خودی‘‘ کا انعقاد کیا جائیگا،پینل میں ڈاکٹر ناصرہ جاوید، مجیب الرحمان شامی،پروفیسر ڈاکٹر اصغرزیدی،پروفیسر ڈاکٹر بصیرہ عنبرین ،پروفیسر وحید الزماں شامل ہیں۔جشن خودی کی تقریبات الحمراء ،بزم اقبال ،ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس ایند یوتھ افیئر کی مشترکہ کاوش ہے۔سربراہ الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے کہا کہ یوم خودی منانے کا مقصد نوجوانوں کو مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال کے پیغام سے روشناس کروانا ہے.
نامور گلوگارہ حنا نصر اللہ اور سارہ رضا خان کلام ِاقبال پیش کریں گی،الحمراء اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کے نوجوان آرٹسٹ یوم خودی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں گے،یوم خودی کے موقع پر مشہور قوال ندیم جمیل خان ٗ ساتھیوں کے ہمراہ قوالی پیش کریں گے،معروف صداکار عدیل ہاشمی ٗ شکوہ و جواب ِ شکوہ پیش کریں گے۔پنجاب یونیورسٹی اور ورسٹائل ڈانس گروپ کی پروفارمنس بھی یوم خودی کے موقع پر حاضرین کی توجہ کا مرکز ہونگی۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز صبح صادق،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن خرم نویل،اکائونٹ آفیسر مظہر اقبال ،اسسٹنٹ پروگرام محمود یعقوب، افتخار و دیگر افسران نے شرکت کی۔