لاہور(لاہورنامہ) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ محکمہ صحت نے ڈینگی پرقابوپانے کیلئے صوبہ بھرمیں انسدادی کارروائیاں تیزکردی ہیں۔
محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کا کوئی مریض رپورٹ نہیں ہوا۔رواں سال کے دوران پنجاب بھر میں اب تک ڈینگی کے 47 مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔ رواں سال کے دوران لاہور سے ڈینگی کے کل 21 کیسز سامنے آئے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں ڈینگی بخار سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے 4 مریض داخل ہے۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب 384,698 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔گزشتہ روز پنجاب بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں نے 100,519 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔
گزشتہ روز پنجاب بھر میں 402 مقامات سے لاروا برآمد ہوا۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 49,422 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔ گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 10,314 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔گزشتہ روز لاہور میں 304 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے عوام سے کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے پنجاب کے تمام علماء کرام سے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی بارے آگاہی دینے کی اپیل بھی کی۔صوبائی سیکرٹری صحت نے مزیدکہاکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردار ادا کریں۔