اسلام آباد(لاہورنامہ)سابق وزیرخزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم نے نئے تار بچھانے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا کام شروع کیاتھاجسے پی ٹی آئی نے بند کردیا ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ فخر ہے کہ اللہ تعالی کے کرم سے نوازشریف کی قیادت میں دنیا کے جدید اور سستے ترین پاور پلانٹ لگائے۔ انہوں نے کہاکہ کوئلے اورایل این جی کے سستے ایندھن سے ببجلی بناکرقوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے نئے تار بچھانے، بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے کا کام شروع کیاتھاجسے پی ٹی آئی نے بند کردیا ،اس منصوبے کا مقصد بجلی کے شعبے کی تقسیم اور ترسیل میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنا تھا، پی ٹی آئی سے برداشت نہ ہوا ۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی نااہل، نالائق اور کرپٹ حکومت نے یہ تمام کام روک کر بجلی کے شعبے کے نقصانات میں اضافہ کردیا ۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نقصانات ایک بار پھر کم کرکے دکھائے گی، ان شا ء اللہ ۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے اپنی روایت اور کردار کے مطابق ملک میں بجلی کے زیادہ کارخانے ہونے کا جھوٹ بول رہے ہیں ، کارخانے زیادہیں تو پاکستان میں بجلی کی قلت اور اندھیرے کیوں ہیں؟
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اپنے کرپٹ دور میں خود 8000 میگاواٹ کے نئے پاور پلانٹس لگانے کی کیوں کوشش کررہی تھی؟۔انہوں نے کہاکہ کارخانے زیادہ تھے تو پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کا سی پیک طرز پر کارخانے لگانے کاکام دوہرانے کی کوشش کیوں کی تھی ؟۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کا سامنا ہے، اسی لئے پی ٹی آئی نئے کارخانے لگانا چاہتی تھی تاہم لگا نہ سکی ۔انہوں نے کہاکہ سی پیک اتھارٹی کے چئیرمین خالد منصوراس بات کابذات خود ٹی وی پر اعتراف کرچکے ہیں، آپس میں فیصلہ کرلیں کون سچا کون جھوٹا ہے؟
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پھر بجلی کے اندھیرے ختم کرے گی، لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکالے گی ۔انہوں نے کہاکہ ایندھن امپورٹ کرنے کی مخالفت کرنے والے بتائیں پاکستان میں کتنی گیس، ایل این جی ، تیل اورفرنس آئل نکلتا ہے؟،۔انہوں نے کہاکہ بوقت ضرورت دال اورچنے باہر سے منگوانے پڑتے ہیں؟ ، کیا قوم دال اور چنے کھانا چھوڑ دے؟۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں پیداوار نہیں تووہ چیز باہر سے ہی منگوانا پڑے گی ؟،ہمارے دور میں گندم اور چینی میں پاکستان خودکفیل تھا ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی کرپشن کی وجہ سے گندم اور چینی بھی پاکستان باہر سے منگوارہا ہے ،پی ٹی آئی کوصرف جھوٹ بولنا آتا ہے.
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وزارت توانائی چلاکر دکھائے گی، ان شاء اللہ ،پلانٹس کے کرایوں پر اعتراض مضحکہ خیز ہے۔انہوںنے کہاکہ مکان کرایہ پر لیں تو اس میں رہیں یا نہ رہیں کرایہ دینا پڑتا ہے،مفت تو عمران خان نہیں چلتا، دنیا میں کون سا مفت پلانٹ ہے؟۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کو زندگی بھر مفت کھانے کی عادت ہے، اْن کا خیال ہے کہ کوئی پلانٹ بھی مفت آکر لگا دے گا؟
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی تین سال تک توشہ خانہ کی گھڑیاں بیچنے میں مصروف رہی ،پی ٹی آئی پولیس اور دیگر محکموں کے عہدوں پر تقرر اور تبادلوں پر کرپشن کرنے میں مصروف رہی ،پی ٹی آئی کو کرپشن سے فرصت ملتی تو وزارت توانائی اور ملک پر توجہ دیتے ؟۔